آئی ایم ایف کی قسط جاری کرنے کی سفارش
مشیر خزانہ کا کہنا ہے کہ ملکی برآمدات میں نمایاں بہتری آئی ہے، فوٹو: اے ایف پی
وزیراعظم عمران خان کے مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کو قرضے کی دوسری قسط جاری کرنے کی سفارش کی ہے۔
اسلام آباد میں وزیر برائے ریونیو حماد اظہر، چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی اور وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کے ساتھ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ملکی معیشت میں بہتری آ رہی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ملکی برآمدات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سٹاک مارکیٹ کئی ہفتوں سے اوپر جا رہی ہے۔‘
ڈاکٹر حفیظ شیخ کے مطابق ’تاجروں کومراعات دینے کے مثبت اثرات ظاہر ہو رہے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ کاروباری شخصیات کو لیکوڈٹی کی فوری فراہمی کے لیے 30 ارب روپے نقد دیں گے۔
حفیظ شیخ نے بتایا کہ ’نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے لیے 30 ارب روپے اضافی مختص کر رہے ہیں۔‘
حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’ڈومیسٹک ٹیکس نیٹ میں 21 فیصد اضافہ ہوا ہے۔‘
مشیر خزانہ نے بتایا کہ ’موجودہ حکومت نے گذشتہ حکومتوں کے لیے گئے قرضوں کے دو ارب 10 کروڑ ڈالرز واپس کیے۔‘
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ میں شامل ہوں