Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دن میں دو نصف سنچریوں کا سوال، کروڑوں ہاتھ سے نکل گئے

وہ کون سا پہلا کرکٹر ہے جس نے ایک ہی دن ٹی 20 انٹرنیشنل میں دو نصف سنچریاں سکور کیں؟ فوٹو اے ایف پی
انڈیا کے ریئلٹی کوئز شو 'کون بنے گا کروڑ پتی' میں سات کروڑ کا سوال کرکٹ کے ایک انوکھے ریکارڈ کے تعلق سے پوچھا گیا۔ جس کے آپشنز میں افغانستان، پاکستان اور بنگلہ دیش کے معروف کھلاڑی شامل تھے۔
خیال رہے کہ انڈیا میں کون بنے گا کروڑپتی ایک مقبول ٹی وی شو ہے جسے بالی وڈ کے 'شہنشاہ' امیتابھ بچن ہوسٹ کرتے ہیں۔
انڈیا شمال مشرقی ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے اجیت کمار انتہائی ہوشیاری اور عقلمندی کے ساتھ کون بنے گا کروڑ پتی کھیل رہے تھے۔
انھوں نے آخری سوال تک اپنی معلومات کا مظاہرہ کیا لیکن شو کے آخری سوال کا جواب دینے میں وہ ناکام رہے اور اس طرح وہ سب سے بڑی انعامی رقم سات کروڑ روپے جیتنے میں ناکام ہو گئے اور انھیں صرف ایک کروڑ روپے ملے۔
اس طرح وہ کون بنے گا کروڑ پتی کے 11 ویں سیزن میں ایک کروڑ جیتنے والے چوتھے امیدوار بنے۔

افغانستان کے محمد شہزاد نے ایک دن میں ٹی20 کی دو نصف سینچریاں سکور کیں، فوٹو: پی ٹی آئی

کیا آپ کون بنے گا کروڑ پتی کے سب سے مشکل سوال کا جواب دے سکتے ہیں؟
سوال تھا: وہ کون سا پہلا کرکٹر ہے جس نے ایک ہی دن ٹی 20 انٹرنیشنل میں دو نصف سنچریاں سکور کیں؟
آپشنز میں (الف) نوروز منگل، (ب) محمد حفیظ، (ج) محمد شہزاد، اور (د) شکیب الحسن تھے۔
اجیت کمار نے اس سوال کا جواب دینے سے قبل کھیل چھوڑ دیا اور ایک کروڑ پر اکتفا کیا کیونکہ اگر وہ کھیل نہیں چھوڑتے اور آخری سوال کا جواب اندازے پر دیتے تو انھیں ایک کروڑ روپے بھی نہیں ملتے۔
اجیت کمار نے کہا کہ ایک کروڑ کی رقم بہت بڑی ہوتی ہے اور اس سے یقیناً ان کی اور ان کے اہل خانہ کی زندگی بدلے گی۔
جب اجیت کمار سے پوچھا گیا کہ ان کی نظر میں سات کروڑ کے سوال کا جواب کیا ہوسکتا ہے تو انھوں نے کہا نوروز منگل کا نام لیا۔ لیکن وہ جواب درست نہیں تھا۔ اس کا درست جواب محمد شہزاد تھا۔

 بالی وڈ شہنشاہ امیتابھ بچن ’پروگرام کون بنے گا کروڑ پتی‘ کی میزبانی کرتے ہیں، فوٹو: اے ایف پی

افغانستان کے اوپنر محمد شہزاد نے 2017 میں یہ ریکارڈ بنایا تھا جب انھوں نے متحدہ عرب امارات منعقدہ ٹورنامنٹ میں ایک ہی دن میں ہونے والے سیمی فائنل اور فائنل میں نصف سنچری سکور کی تھی۔
سیمی فائنل میں انھوں نے عمان کے خلاف 60 گیندوں پر 80 رنز بنائے جبکہ فائنل میں آئر لینڈ کی ٹیم نے اتنا کم رن سکور کیا تھا کہ کسی کے نصف سنچری بنانا انتہائی مشکل تھا تاہم محمد شہزاد نے 71 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے 40 گیندوں نصف سنچری مکمل کی اور افغانستان یہ میچ محض آٹھ اوروز میں جیت گیا۔

 

شیئر: