انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم چنئی سپر کنگز کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر مہندر سنگھ دھونی (ایم ایس دھونی) نے فرنچائز کے لیے وِیل چیئر پر بھی کھیلنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
آئی پی ایل کے جاری 18ویں سیزن میں ممبئی انڈینز اور چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے درمیان کھیلے گئے میچ سے قبل ایم ایس دھونی نے جیو ہوٹ سٹار سے بات کرتے ہوئے فرنچائز کے ساتھ اپنے مستقبل کی بات کی۔
مزید پڑھیں
ہر آئی پی ایل سیزن سے قبل کرکٹ حلقے اس بات کا گمان کرتے ہیں کہ یہ سیزن ایم ایس دھونی کا آخری آئی پی ایل سیزن ہوگا تاہم دھونی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے کسی بھی قسم کو کوئی عندیہ نہیں دیتے۔
گزشتہ ماہ آئی پی ایل کی تیاریوں کے لیے جب ایم ایس دھونی چنئی پہنچے تھے تو اُن کی ٹی شرٹ پر ’اس بار آخری مرتبہ‘ کے الفاظ انگریزی میں درج تھے۔
اس ٹی شرٹ کو دیکھنے کے بعد گمان ظاہر کیا گیا کہ ایم ایس دھونی کا یہ آخری آئی پی ایل سیزن ہوگا لیکن اس حوالے سے سابق کپتان نے پھر تردید کر دی ہے۔
جیو ہوٹ سٹار سے بات کرتے ہوئے ایم ایس دھونی نے کہا کہ ’میں جب تک چاہوں ’سی ایس کے‘ کے لیے کھیل سکتا ہوں۔ یہ میری فرنچائز ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر میں زخمی حالت میں وہیل چیئر پر بھی ہوتا تو مجھے ٹیم میں کھیلنے پر آمادہ کر لیا جاتا۔‘
خیال رہے کہ ایم ایس دھونی نے 2023 میں اپنے گھٹنے کی سرجری کروائی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے 2023 کے آئی پی ایل سیزن کے لیے سی ایس کے کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب آئی پی ایل کے تیسرے میچ میں چنئی سپر کنگز نے روایتی حریف ممبئی انڈینز کو چار وکٹوں سے شکست دے دی۔