Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سیاحتی ادارے عربی استعمال کریں، خلاف ورزی پر جرمانہ  

ٹیلی فونک رابطے کے لیے بھی عربی زبان ہی استعمال کی جائے ۔ فوٹو ۔ مکہ اخبار
نیشنل ٹورازم اتھارٹی نے مملکت میں سیاحتی رہائشی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ تمام معاملات میں عربی کا استعمال کریں ۔ خط و کتابت ہو یا ٹیلی فونک روابط کسی دوسری زبان کے بجائے عربی ہی استعمال کی جائے۔ خلاف ورزی پر ایک لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیاجاسکتا ہے۔
سیاحتی اتھارٹی نے اس حوالے سے سرکلر بھی جاری کر دیا ہے۔ عاجل ویب نیوز نے اپنے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ مملکت میں ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے سیاحتی اداروں اور رہائشی یونٹس کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ عربی کے علاوہ دیگر زبان استعمال کرنے پر جرمانے کے علاوہ ادارے کا لائسنس بھی منسوخ کیا جاسکتا ہے یا دونوں سزائیں بیک وقت دی جاسکتی ہیں۔

مملکت میں سیاحتی کمیٹی کی جانب سے قواعد مرتب کیے گئے ہیں۔ فوٹو: سبق نیوز   

لازمی عربی زبان استعمال کرنے کے حوالے سے مکہ مکرمہ گورنریٹ کی جانب سے ’ کس طرح مثالی بنیں‘ کے عنوان سے جاری  مہم کے تحت قانون منظور کیا گیا ہے۔
سیاحتی اتھارٹی کا کہنا تھا کہ بعض اداروں کی جانب سے یہ دیکھا گیا ہے کہ وہ خط وکتابت دوسری زبان میں کرتے ہیں جو خلاف قانون ہے ایسا کرنے والے اداروں پر 10 ہزار سے ایک لاکھ ریال تک جرمانہ عائد کیاجاسکتا ہے۔
اتھارٹی کی جانب سے جاری ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹیلی فونک رابطے کے لیے بھی عربی زبان ہی استعمال کی جائے۔
رہائشی یونٹس میں مقیم سیاحوں کے ساتھ معاملات کرنے کے بارے میں سیاحتی اتھارٹی کی جانب سے جاری وضاحت میں کہا گیا ہے کہ ابتدا میں سیاحوں سے بھی عربی میں بات کی جائے اگروہ عربی سے واقف نہ ہوں تو انگلش استعمال کی جاسکتی ہے۔
سیاحتی اتھارٹی نے اس ضمن میں تمام اداروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ قوانین پر عمل کریں بصورت دیگران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی جس میں جرمانے اور لائسنس کی منسوخی کی سزا دی جاسکتی ہے۔
واضح رہے مملکت میں سیاحتی کمیٹی کی جانب سے قواعد مرتب کیے گئے ہیں جن پرعمل کرنالازمی ہے۔ کمیٹی کی جانب سے مملکت کے تفریحی مقامات، ہوٹل اور فرنشڈ اپارٹمنٹس کے کرایے بھی مقرر کیے جاتے ہیں۔ 
ہوٹلوں کی انتظامیہ کو اس امر کا بھی پابند بنایا جاتا ہے کہ وہ سیاحتی کمیٹی کی جانب سے مقرر کردہ کرایوں کی لسٹ استقبالیہ کاؤنٹر پر مناسب جگہ آویزاں کریں۔
ایسے ہوٹل جہاں کرایے ناموں کی فہرست نہیں لگائی جاتی ان کے خلاف سیاحتی کمیٹی کی تفتیشی ٹیموں کی جانب سے تادیبی کارروائی کی جاتی ہے۔ 
کمیٹی کی جانب سے اس امر کی بھی یقین دہانی کرائی جاتی ہے کہ اندرون ملک یا بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کے ساتھ کسی قسم کا نامناسب رویہ نہ رکھا جائے۔

تفریحی مقامات، ہوٹل اور فرنشڈ اپارٹمنٹس کے کرایے بھی مقرر کیے جاتے ہیں۔  فوٹو:عاجل نیوز  

اس ضمن  میں کمیٹی کی تفتیشی ٹیموں نے تمام ہوٹلوں میں ٹول فری نمبرز لگائے ہیں جن پر شکایت درج کرائی جاسکتی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: