Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ: پاکستانی ہوٹلوں میں وطن کی خوشبو اور ذائقہ

ویسے تو پورے سعودی عرب میں ہی پاکستانی رہائش پذیر ہیں تاہم بحراحمر کے ساحل پر قائم جدہ ایسا شہر ہے جہاں ہزاروں نہیں لاکھوں پاکستانی بسلسلہ روزگار قیام پذیر ہیں۔
 مکہ اور مدینہ کے قریب ہونے کے باعث جدہ شہر باب حرمین کے نام سے منفرد شہرت رکھتا ہے۔ بین الاقوامی شہرت کے حامل اس شہر میں آپ کو سعودی شہریوں کے ساتھ ساتھ ہر ملک خصوصاً پاکستانی باشندے بھی نظر آئیں گے۔
 

جدہ میں لاکھوں پاکستانی مختلف شعبوں میں کام کر رہے ہیں۔ 

شہر کے جنوبی حصے میں بہت بڑا انڈسٹریل ایریا (صنعتی زون) قائم ہونے کے باعث یہاں ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں پاکستانی اپنی محنت اور ہنرکے جوہر دکھا رہے ہیں۔ ان پاکستانیوں کی بڑی تعداد صنعتی زون کے علاوہ جدہ شہر کے محلہ عزیزیہ میں بھی رہائش پذیر ہیں۔
یہاں پاکستانی اپنے منفرد لباس، پکوانوں اور شناخت کے باعث پہچانے جاتے ہیں جس کی وجہ سے یہ علاقہ پاکستان کا ہی منظر پیش کرتا ہے۔

پاکستانی ہوٹلوں میں ہر قسم کے کھانے بنتے ہیں۔

 پاکستانی کمیونٹی یہاں مختلف شعبوں سے منسلک ہے جس میں ہوٹل اور کیٹرنگ کا شعبہ بھی شامل ہے۔ 
پاکستانی کھانے اپنی الگ شناخت، نام اور ذائقے رکھتے ہیں۔ ایسے پکوان کی ضرورت محسوس کرتے ہوئے یہاں بہت سے ہوٹل روائتی پاکستانی پکوان بناتے ہیں جو رعایتی نرخوں پر دیے جاتے ہیں۔

پاکستانی بھائیوں کے لیے لذت طعام کا ذمہ اٹھا رکھا ہے

جدہ کے علاقے العزیزیہ میں پاکستانی کھانوں کے بہت سے ہوٹل قائم ہیں۔ ہوٹلوں پر طرح طرح کے کھانے تیار کر کے صارفین کو پیش کیے جاتے ہیں۔ 

گاہکوں کی پسند اور ضرورت کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔

صفائی ستھرائی اور عملے کی خوش اخلاقی کے باعث نہ صرف پاکستانی بلکہ مقامی لوگ بھی ان ہوٹلوں کا رخ کرتے ہیں۔ ان ہوٹلوں میں حفظان صحت کے ساتھ ساتھ گاہکوں کی پسند اور ضرورت کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔

عرب حضرات بھی بڑی رغبت سے کھانا کھاتے نظر آتے ہیں۔

کبابش ہوٹل، مہران ہوٹل، زہرہ ہوٹل، نرالا ہوٹل، سٹوڈنٹ بریانی، زم زم ہوٹل یہ چند ایسے نام ہیں جو برسہا برس سے پاکستانی ذائقے اور ثقافت کا پرچم نہ صرف تھامے ہوئے ہیں بلکہ بلند کر رہے ہیں۔ ان ہوٹلوں میں پاکستانیوں کے علاوہ انڈین، بنگلہ دیشی اور عرب حضرات بھی بڑی رغبت سے کھانا کھاتے نظر آتے ہیں۔

یہ ہوٹل صفائی کا بھی خاص خیال رکھتے ہیں۔

اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے ایک ہوٹل کے ذمہ دار پاکستانی ارشاد علی عرف پپو بھائی نے بتایا کہ ہم یہاں وطن کی خوشبو کے ساتھ ساتھ خوشیاں بانٹے ہیں۔ یہاں پر اکثر لوگ بھوک اور تھکاوٹ کی ملی جلی کیفیت میں آتے ہیں ہمارا سٹاف خندہ پیشانی سے ان کا استقبال کرتا ہے۔ ہمارے کارکن تندہی سے کام کرتے ہوئے گاہکوں کی ضرورت کا خیال رکھتے ہیں۔
ایک ہوٹل کے منیجر عرفان کا کہنا ہے کہ مقامی لوگ صاف ستھرے ماحول میں پاکستانی کھانوں کوبہت پسند کرتے ہیں۔ پاکستانی کھانوں کی خاص ڈشوں میں کڑاہی گوشت، چپلی کباب، نہاری، کشمیری دال، حلیم، پلاﺅ اور بریانی کے علاوہ پاکستانی مصالحوں سے بھرپور باربی کیو بہت پسند کیا جاتا ہے جو ان ہوٹلوں کی خاص شناخت ہے۔ 

شیئر: