نومبر 2020 کے آخر تک جی 20 کی سربراہی سعودی عرب کے پاس رہے گی (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی عرب نے اتوار یکم دسمبر سے جی 20 تنظیم کی سربراہی سنبھال لی ہے۔
جی 20 دنیا کی مضبوط ترین معیشتوں پر مبنی بیس ممبران ممالک کی تنظیم ہے۔
سعودی عرب جی 20 کی قیادت کے دوران تین اہدف پر توجہ مرکوز کرے گا۔ ان میں شامل ہے لوگوں کو بااختیار بنانا، ایسا ماحول بنانا جس میں سب خاص طور پر خواتین اور نوجوان افراد کام اور ترقی کر سکیں، خوراک و پانی کے تحفظ کو فروغ دیں اور ایسے منصوبے بنائیں جس سے ٹیکلوجی کے شعبے میں ترقی ہو۔
سعودی عرب سے پہلے جاپان تنظیم کی سربراہی کر رہا تھا۔ نومبر 2020 کے آخر تک جی 20 کی سربراہی سعودی عرب کرے گا۔
آئندہ سال 21 اور 22 نومبر کو جی 20 کا سربراہ اجلاس سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقد ہو گا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب نے 2019 کے دوران جی 20 کی بہترین قیادت اور شاندار نتائج پر جاپان کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
سعودی عرب نے سو سے زیادہ کانفرنسوں اور اجلاسوں میں شرکت کے لیے کئی عرب اور دوست ممالک کو دعوت نامے جاری کردیے ہیں۔ علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں کو بھی کانفرنسوں اور اجلاسوں میں نمائندگی دی جائے گی۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ’سعودی عرب اوساکا سے شروع ہونے والے مشن کو جاری رکھنے کا پابند ہے۔ سعودی عرب بین الاقوامی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی بھرپور کوشش کرے گا۔‘
’جی 20 میں شامل ممالک کے تعاون سے قابل قدر کارنامے حاصل کرنے کی جدوجہد کریں گے۔ مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے موجود امکانات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔‘
شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ ’جی 20 کی میزبانی کرکے سعودی عرب مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے نقطہ نظر کو اجاگر کرنے کی فکر کرے گا۔ ہمیں یقین ہے کہ بین الاقوامی مسائل سے متعلق عالمی ہم آہنگی بروئے کار لانے کا یہ منفرد موقع ہے۔‘
جی 20 کا نیا لوگو سعودی ڈیزائنر محمد الحواس نے تیار کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر بتایا کہ میرے لیے بڑے فخر کی بات ہے کہ جی 20 کی سعودی قیادت کے لوگو کا ڈیزائن مجھے بنانے کا موقع دیا گیا۔