Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور سعودی عرب میں حج معاہدہ

پاکستانی وفد نے سعودی ہم منصب سے حج انتظامات پر تفصیلی مذاکرات کیے (فوٹو: اردو نیوز)
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج معاہدہ 2020 طے پا گیا ہے۔ آئندہ سال دو لاکھ پاکستانی عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔
پاکستان کی وزارت مذہبی امور کے ترجمان عمران صدیقی کے مطابق ’مکہ مکرمہ میں پاکستان وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے سعودی ہم منصب ڈاکٹر صالح بن بنتن کے ساتھ معاہدے پر دستخط کیے۔‘ 
معاہدے پر دستخط سے قبل پیر نور الحق قادری کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے سعودی ہم منصب سے حج انتظامات پر بھی تفصیلی بات چیت کی۔

 پاکستانی وفد نے حجاج کو مزید بہتر سہولتوں کی فراہمی کے لیے کئی مطالبات پیش کیے (فوٹو: اردو نیوز)

 پاکستانی وفد نے حج 2020 کے لیے حجاج کو مزید بہتر سہولتوں کی فراہمی کے لیے کئی مطالبات پیش کیے۔ وفاقی وزیر نے مشاعر مقدسہ ( منیٰٰ، مزدلفہ اور عرفات ) میں اضافی سہولتوں، پاکستانی معیار کے کھانے اور بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے بارے میں آگاہ کیا۔
وفاقی وزیر مذہبی امورنے یہ بھی کہا کہ ’پاکستان کے حج کوٹہ میں مزید 20 ہزار کا اضافہ کیا جائے۔ روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ میں دیگر شہروں کو بھی شامل کیے جانے کے حوالے سے بھی بات کی گئی ہے۔‘
سعودی وزیر حج نے اس موقع پر کہا کہ ’منیٰ، مزدلفہ اور عرفات میں شکایات کے ازالے کے لیے سعودی پاک مشترکہ ورکنگ کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے‘۔ 

سعودی پاک مشترکہ ورکنگ کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے

’پاکستان اور سعودی اراکین پر مشتمل دس رکنی کمیٹی مسائل کے ازالے کیلئے موقع پر احکامات جاری کرے گی۔ یہ کمیٹی مشاعر مقدسہ میں پاکستانی معیار کے مطابق کھانا اور سفری سہو لتوں کی فراہمی کو یقینی بنائے گی‘۔
 حج کوٹے میں اضافے کے حوالے سے سعودی وزیر کا کہنا تھا ’ منیٰ میں گنجائش کم ہے تاہم حج کوٹے میں اضافے کی درخواست پر عمل درآمد اعلیٰ سعودی حکام کی منظوری سے مشروط ہے‘۔
انہوں نے مزید کہاکہ پچھلے سال روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ میں پاکستان کی شمولیت کامیاب رہی۔ دیگر شہروں کی شمولیت کے امکانات پر سعودی وزارتِ داخلہ سے جلد رابطہ کیا جائے گا۔ 

پاکستانی وفد مختلف خدمات کی فراہمی کے ذمہ دار سعودی دفاتر کا دورہ کرے گا۔

وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے سعودی وزارت حج و عمرہ میں اہم اجلاس میں شرکت کی۔
سیکرٹری مذہبی امور میاں مشتاق بورانہ ، پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز ،قونصل جنرل خالد مجید، ڈی جی حج ابرار مرزا ، ڈائریکٹر حج ساجد اسدی مذاکراتی ٹیم میں شامل تھے۔
 سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر صالح بن بنتن کے ہمراہ نائب وزیر حج، سیکرٹری حج، موسسہ، نقابہ سیارات اورادلہ کے سربراہ شریک ہوئے۔ واضح رہے کہ پاکستانی وفد جمعرات کو مختلف خدمات کی فراہمی کے ذمہ دار سعودی دفاتر کا دورہ کرے گا جہاں مزید معاہدات طے کیے جائیں گے۔
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: