50 برسوں کے دوران 95 ملین سے زائد افراد نے حج ادا کیا
50 برسوں کے دوران 95 ملین سے زائد افراد نے حج ادا کیا
اتوار 4 اگست 2019 9:17
امسال بیرون ملک سے جمعہ اور ہفتہ کی درمیان شب تک 1516101عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
سعودی محکمہ شماریات نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ 50برس کے دوران 95ملین 8لاکھ53ہزار 17 افراد نے فریضہ حج ادا کیا اور سعودی عرب نے حج میں انکی میزبانی کا اعزاز حاصل کیا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق امسال بیرون ملک سے بری، بحری اور فضائی راستوں سے جمعہ اور ہفتہ کی درمیان شب تک 1516101عازمین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔
ان میں سے 1412894 فضائی راستے، 86359خشکی کے راستے اور 16848سمندر کے راستے سے آئے۔ سوڈان، مصر اور بعض افریقی ممالک سے عازمین سمندر کے راستے جدہ پہنچ رہے ہیں ۔
ہر سال حاجیوں کی گنتی کا کام محکمہ شماریات کرتا ہے۔یہ کام 1390ھ میں شروع کیا گیا تھا۔حج پر آنیوالوں کو معیاری خدمات فراہم کرنے کےلئے اعداد و شمار جمع کئے جاتے ہیں تاکہ منصوبہ بندی ٹھوس بنیادوں پر کی جا سکے۔
سعودی محکمہ شماریات ہر سال حاجیوں کی تعداد، انہیں پیش کی جانیوالی خدمات کی فہرست اور حج اداروں کی کارکردگی کے بارے میں اعداد و شمار جمع کرتا ہے ۔
محکمہ شماریات نے اعلامیہ جاری کر تے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 50برسوں کے دوران 95853017عازمین حج کوسعودی عرب آئے ۔ 19حج ایسے آئے جن میں سے ہر ایک میں حاجیوں کی تعداد 20لاکھ سے تجاوز کر گئی ۔ گزشتہ 25برس کے دوران 54465253حاجی حج کرنے آئے ۔
محکمہ شماریات نے مزید بتایا کہ گزشتہ 10برس کے دوران 23796977حاجی آئے۔محکمہ شماریات 9ذی الحجہ 1440ھ مطابق 10اگست 2019ءکو امسال حج ادا کرنیوالوں کی حتمی تعداد جاری کرے گا۔
اس میں یہ بھی بتایا جائے گا کہ مرد حاجی کتنے ہیں، خواتین کی شرح کیا ہے اور کس ملک سے کتنے حاجی آئے ہیں۔ علاوہ ازیں حج بسوں اور گاڑیوں کی تعداد بھی دی جائے گی ۔