خلیجی سربراہ کانفرنس منگل کوریاض میں ہوگی۔ فوٹو: ایس پی اے
جی سی سی ممالک کے وزرائے خارجہ نے پیر کو ریاض میں خلیجی سربراہ کانفرنس کے ایجنڈے کا جائزہ لیا ہے۔ سربراہ کانفرنس منگل کو ہوگی۔
الشرق الاوسط آن لائن کے مطابق خلیجی وزرائے خارجہ کے اجلاس کی صدارت امارات کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ ڈاکٹر انور قرقاش نے کی۔ ایجنڈے اورمشترکہ خلیجی جدوجہد کے حوالے سے باہمی تعاون کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
جی سی سی جنرل سیکریٹریٹ ، وزارتی کمیٹیوں اور متعلقہ کونسلوں کی پیش کردہ رپورٹوں اور سفارشات پر غور کیا گیا ہے۔
خلیجی وزرائے خارجہ نے کہا ’ خلیجی سربراہ کانفرنس بامقصد ہوگی۔ یہ خلیجی تعاون کے استحکام کے حوالے سے موثر فیصلے کرے گی۔ مکمل یکجہتی، بھرپور تعاون اور ایک دوسرے کے مفادات کی تکمیل کے حوالے سے خلیجی عوام کی آرزوئیں پوری کرے گی‘۔
کویت کے نائب وزیر خارجہ خالد الجار اللہ، بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد آل خلیفہ ، سلطنت عمان میں امو رخارجہ کے ذمہ دار یوسف بن علوی، قطر کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ سلطان المریخی پیر کو ریاض پہنچے تھے۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ ، جی سی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر عبداللطیف الزیانی اور سعودی عرب میں متعین جی سی سی ممالک کے سفراءنے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا خیر مقدم کیا۔