جمعرات کو آرامکو کے ایک شیئر کی قیمت 38.7ریال تک پہنچ گئی۔ فائل فوٹو
سعودی آرامکو پوری دنیا میں دو ٹریلین ڈالر کی حد عبور کرنے والی پہلی کمپنی بن گئی۔ جمعرات کو حصص کے لین دین کی پہلی دو نشستوں کے اندر آرامکو نے یہ اعزازحاصل کرلیا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اس حوالے سے تین برس قبل جس تخمینے کا اظہار کیا تھا وہ درست ثابت ہوا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق حصص کے لین دین کے دوسرے دن جمعرات کو آرامکو کے ایک شیئر کی قیمت 38.7 ریال تک پہنچ گئی، یہ 10.32 ڈالر کے مساوی ہے جبکہ آرامکو کے حصص کا لین دین 15.5ارب ریال سے تجاوز کر گیا۔
سعودی اسٹاک مارکیٹ (تداول) میں پہلے دن حصص کی مارکیٹ ویلیو 7.04ٹریلین ریال یعنی 1.88 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئی تھی جبکہ جمعرات کو آرامکو کی مارکیٹ ویلیو دو ٹریلین ڈالر کی حد عبور کر گئی۔
مالیاتی ادارے ریوینو کے مطابق جمعرات کو حصص مارکیٹ کھلتے ہی سعودی آرامکو کا ایک شیئر 10فیصد کی حد عبور کرکے 38.7ریال تک پہنچ گیا۔
مالیاتی منڈیوں کے ماہر عبداللہ الربدی نے بتایا کہ بدھ اور جمعرات کو آرامکو کے حصص کی زبردست طلب نے پوری دنیا کو یہ پیغام دے دیا کہ سرمایہ کاروں اور حصص کا لین دین کرنے والوں کو آرامکو کے حصص پر کتنا بھروسہ ہے۔
ماہرین اقتصاد نے اپنی رپورٹوں میں بتایا ہے کہ آئندہ ہفتے آرامکو کے حصص ایم ایس سی آئی اور فوتسی میں شامل ہوجائیں گے۔ تجزیہ نگاروں کا کہناہے کہ ایسے سرمایہ کار جو ایم ایس سی آئی اور فوتسی کے تجزیوں میں یقین رکھتے ہیں وہ بھی آرامکو کے حصص کی طرف متوجہ ہوں گے۔
سعودی آرامکو مارکیٹ ویلیوکے لحاظ سے دنیا کی سب سے بڑی کمپنی کے طور پر سامنے آئی ہے، اس کی مارکیٹ ویلیو 1.88ٹریلین ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق آرامکو نے ایپل کمپنی کو بھی مارکیٹ ویلیو کے حوالے سے پیچھے چھوڑ دیا ہے، آرامکو شیئر کی قدر میں 10 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔
ماہرین نے توقع ظاہر کی ہے کہ آرامکو کے حصص کی قیمت 40 ریال تک پہنچ جائے گی‘۔
تداول میں شیئرز متعارف ہونے کے بعد مالکان آرامکو کے اپنے شیئر فروخت کرسکتے ہیں اور دوسروں کے شیئر خرید بھی سکتے ہیں۔
سعودی مالیاتی کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین ھشام ابو جامع نے توقع ظاہر کی ہے کہ سعودی حصص مارکیٹ میں 2ہفتے تک آرامکو کے شیئر کی طلب بڑھتی جائے گی۔ ایک شیئر کی قیمت 40 ریال تک پہنچے گی جبکہ طلب میں بتدریج اضافہ ہو گا۔
ھشام ابو جامع نے العربیہ چینل سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ تداول میں آرامکو کے شیئرز کا لین دین حیران کن تھا۔ریکارڈ وقت میں 500 ملین ریال سے زیادہ کے سودے ہوئے۔
اخبار 24 کے مطابق امریکی خبررساں ادارے بلومبرگ کا کہناہے کہ سعودی تداول (اسٹاک مارکیٹ) میں حصص کے اندراج کے بعد سعودی تداول دنیا کی نویں شیئر مارکیٹ بن گئی ہے۔ اس کی مارکیٹ ویلیو 2.2 ٹریلین ڈالر یعنی 8.25 ٹریلین ریال تک پہنچ جائے گی۔
بلومبرگ کے مطابق آرامکو کے 1.5فیصد شیئر مارکیٹ میں لانے سے سعودی اسٹاک ایکسچینج کا حجم انڈین شیئر مارکیٹ کے حجم سے آگے بڑھ گیا ہے۔ یہ جرمن اور کینیڈین اسٹاک ایکسچینج کے حجم کے قریب پہنچ گیا۔
بلومبرگ نے ڈیلما کیپٹل کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین زکریا سفاری کے حوالے سے بتایا کہ آئندہ چند دنوں کے دوران آرامکو کی قدر 2 ٹریلین ڈالر بلکہ اس سے زیادہ کی ہوجائے گی۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سعودی آرامکو کے حصص کو توقعات سے کہیں زیادہ کامیابی ملی ہے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جس توقع کا اظہار کیا تھا کامیابی اس کے قریب تک پہنچ چکی ہے۔
ولی عہدنے توقع ظاہر کی تھی کہ سعودی آرامکو کی مارکیٹ ویلیو 2 ٹریلین ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ آرامکو نے 1.88ٹریلین ڈالر کا ہدف عبور کرلیاہے۔
آرامکو نے ابھی تک صرف 1.5فیصد شیئر ہی فروخت کیے ہیں۔ پہلے ہی مرحلے میں 25.6 ارب ڈالر جمع کرلیے ہیں۔