Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منی لانڈرنگ کا الزام: متعدد شہری گرفتار 

تحقیقاتی ادارے کی تفتیشی ٹیم  ایک پائلٹ سے تحقیقات کر ر ہی ہے جسے نوکری سے برخاست کر دیا گیا تھا۔ فوٹو: (اے ایف پی)
منی لانڈرنگ اور بدعنوانی کے الزامات کے تحت دو غیر ملکی سمیت متعدد سعودی شہریوں کے خلاف پبلک پراسیکیوشن کے ادارے تحقیقات کر رہے ہیں۔
مقامی نیوز ویب سائٹ اخبار 24 نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ دو غیر ملکی سمیت متعدد سعودی شہریوں پر الزام ہے کہ انہوں نے خطیر رقم بیرون ملک ارسال کی جس کی کوئی واضح دلیل پیش نہ کر سکے جبکہ ایک سعودی تاجر کو انتظامی امور میں بدعنوانی کے الزام کا بھی سامنا ہے۔
تاجر کے دو غیر ملکی کارکنوں سے بھی مختلف الزامات کے تحت تحقیقات جاری ہیں۔ مقامی نیوز ویب سائٹ اخبار 24 کا کہنا ہے کہ متعدد افراد کے خلاف لاکھوں ریال منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔
مقامی بینکوں کی جانب سے متعلقہ اداروں کو اطلاع دی گئی کہ ملزمان کے بینک اکاؤنٹس میں اندرون اور بیرون ملک سے لاکھوں ریال جمع کرائے گئے۔ بینکوں کی جانب سے اطلاع ملنے پر مذکورہ افراد کو حراست میں لیکر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔
تحقیقاتی ادارے کے ذرائع کا کہنا تھا کہ ایک شہری نے ایئر پورٹ سے 25 لاکھ ریال بیرون ملک کسی نامعلوم اکاؤنٹ میں منتقل کیے۔ مذکورہ شخص سے استفسار پر اس نے بتایا کہ رقم جائیداد خریدنے کے لیے ارسال کی گئی ہے۔ 
تحقیقاتی ادارے  ایک سعودی تاجر اور اسکے دو غیر ملکی کارکنوں کے خلاف تحقیقات کر رہے ہیں، جنہیں مالی جرائم اور دھوکہ بازی سمیت دیگر الزامات کا بھی سامنا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ تحقیقاتی ادارے کی تفتیشی ٹیم ایک پائلٹ سے تحقیقات کر رہی ہے جسے نوکری سے برخاست کر دیا گیا تھا۔ ایک شخص نے اسے ڈیڑھ لاکھ ریال دینے پر دوبارہ نوکری دلانے کی آفر کی تھی۔ مذکورہ کیس کے حوالے سے پائلٹ  کو طلب کیا گیا ہے تاکہ تفصیلات حاصل کی جا سکیں۔
مقامی نیوز ویب سائٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پبلک پراسیکیوشن کے ادارے کی جانب سے بدعنوانی کے مقدمات کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے اس میں ملوث افراد کے خلاف چالان مکمل کرنے کے بعد فوجداری عدالت میں بھیجا جائے گا جہاں مقدمے کی سماعت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔ 

شیئر: