مارچ 2021 تک تمام میٹرز کی تنصیب مکمل ہوجائے گی۔ فوٹو سبق
سعودی عرب میں ایک کروڑ سمارٹ بجلی میٹر نصب کیے جائیں گے۔ کمپنی نے 9.5 ارب ریال سے زیادہ میں تین کمپنیوں کوسمارٹ میٹر لگانے کا ٹھیکہ جمعرات کو دے دیا۔
اخبار 24 اور سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی بجلی کمپنی کے چیئرمین ڈاکٹر خالد السلطان کی نگرانی میں اس پر جمعرات کو دستخط ہوئے۔ السلطان نے ان کی تفصیلات دیتے ہوئے واضح کیا کہ 35 فیصد سمارٹ بجلی میٹر سعودی ساختہ ہوں گے اور 33.3 فیصد ایسے سمارٹ بجلی میٹر نصب کیے جائیں گے جن کی تیاری میں سعودی عرب سے خام مواد استعمال کیا گیا ہوگا اور’ان پر بھی سعودی ساختہ کا جملہ تحریر ہوگا۔‘ یہ بات تینوں ٹھیکیداروں کے ساتھ باقاعدہ طور پر طے کرلی گئی۔
السلطان نے بتایا کہ سمارٹ بجلی میٹرکا تجربہ کرلیا گیا ہے جو کامیاب ہوچکا ہے۔ اس حوالے سے جو خامیاں اور تکنیکی غلطیاں ریکارڈ کی گئیں آئندہ مرحلے میں ان سب سے بچاﺅ کرلیا جائے گا۔
السلطان نے کہا کہ سعودی بجلی کمپنی نے اس بات کی کوشش کی ہے کہ اس منصوبے پر عمل درآمد میں سعودی فیکٹریوں کا حصہ اچھا خاصا ہو۔
کمپنی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر فہد السدیری نے بتایا کہ سمارٹ بجلی میٹرنصب کرنے کا منصوبہ بین الاقوامی سٹینڈرڈ کے مطابق انجام دیا جائے گا۔ اس میں شفافیت کا حد درجہ دھیان رکھا جائے گا۔
السدیری نے واضح کیا کہ تنصیب کی کارروائی 19فروری 2020 سے شروع ہوگی۔ پہلے مرحلے میں 3.5 ملین سمارٹ بجلی میٹر لگائے جائیں گے۔ یہ کام اپریل 2020 تک مکمل کرلیا جائے گا۔
السدیری نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں 50 لاکھ سمارٹ میٹر نصب ہوں گے۔ یہ مرحلہ ستمبر 2020 کے آخر میں مکمل ہوگا جبکہ تیسرے مرحلے میں باقی ماندہ میٹرز کی تنصیب شروع ہوگی۔ اس طرح مارچ 2021 میں سمارٹ میٹرز کا منصوبہ مکمل ہوجائے گا۔
سعودی بجلی کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ ٹھیکہ 3 کمپنیوں پر مشتمل ایک گروپ کو دیا گیا ہے۔ یہ کمپنیاں اتحاد اتصالات، موبایلی، الفنار للنشاءات کمپنی اور چائنا الیکٹرک پاورایکیوپمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لمیٹڈ شامل ہیں۔