سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے ضمانت میں توسیع کی درخواست پنجاب حکومت کو جمع کروادی گئی ہے۔
نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے ’اردو نیوز‘ سے گفتگو میں اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہم نے یہ درخواست دے دی ہے، اب اگلا کام پنجاب حکومت کا ہے۔‘
سابق وزیراعظم کے وکیل نے یہ تو نہیں بتایا کہ ضمانت میں توسیع کتنے عرصے کے لیے مانگی گئی ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں ایسا کرنا ضروری تھا۔
مزید پڑھیں
-
’ن لیگ نواز شریف کی صحت پر سیاست نہیں گارنٹی دے‘Node ID: 442906
-
کیا نواز شریف سے گارنٹی مانگنا قانونی؟Node ID: 443091
-
نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکمNode ID: 443586
دوسری جانب پنجاب حکومت کے حکام نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ ’اس درخواست کے ساتھ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ بھی لگائی گئی ہے۔ اس رپورٹ میں نواز شریف کے مرض کی تشخیص کے لیے کیے گئے تمام ٹیسٹوں کی تفصیلات موجود ہیں۔‘
سابق وزیراعظم نواز شریف العزیزیہ ریفرنس کیس میں سات سال قید کی سزا سنائے جانے کے بعد کوٹ لکھپت جیل میں سزا کاٹ رہے تھے کہ انھیں چوہدری شوگر ملز کیس میں نیب کی تحویل میں دے دیا گیا جہاں ان کی طبیعت بگڑنے پر سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔
لاہور ہائی کورٹ نے 25 اکتوبر کو انھیں اس کیس میں ضمانت دے دی تھی۔ 29 اکتوبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے طبی بنیادوں پر آٹھ ہفتوں کی ضمانت دیتے ہوئے بوقت ضرورت مزید توسیع کے لیے پنجاب حکومت سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی۔
16 نومبر کو لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے بعد نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالا گیا اور وہ علاج کے لیے لندن روانہ ہوگئے۔
عدالت نے سابق وزیراعظم کو چار ہفتے کے لیے علاج کی غرض سے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی جو اب پورے ہوچکے ہیں۔
اس حوالے سے پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف نے ’اردو نیوز‘ کو بتایا کہ ’عدالتی فیصلے میں واضح لکھا ہے کہ نواز شریف اپنا علاج کرائیں اور جب صحت مند ہو جائیں تو واپس آجائیں۔ ان کے صحت مند ہونے کا پیمانہ میڈیکل رپورٹس ہیں جنھیں عدالت اور حکومت کسی بھی میڈیکل فورم سے دوبارہ تصدیق کرا سکتے ہیں۔‘
یاد رہے کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس 14 دسمبر کو لاہور ہائی کورٹ میں ان کے وکیل امجد پرویز کی جانب سے جمع کروائی گئی تھیں۔
-
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں