پچھلے دو روز کے دوران غیر ملکیوں نے 40 ملین شیئرز خریدے۔ فوٹو: ٹوئٹر
سعودی آرامکو کے شیئرز میں غیر ملکیوں کا حصہ مزید بڑھ گیا ہے۔ غیر ملکی آرامکو کے 0.19 فیصد شیئرز کے مالک بن گئے ہیں۔
عکاظ اخبار نے تداول کے جاری کردہ اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا کہ گذشتہ بدھ غیر ملکی آرامکو کے 0.17 فیصد شیئرز کے مالک بنے تھے۔ اب وہ 0.19 فیصد شیئرز کے مالک بن گئے ہیں۔
غیر ملکی سعودی آرامکو کے شیئرز خرید کر زیادہ سے زیادہ مالکانہ حقوق حاصل کر رہے ہیں۔ پچھلے دو روز کے دوران غیر ملکیوں نے چار کروڑ شیئرز خریدے ہیں۔
غیر ملکیوں نے صرف تین روز کے دوران آرامکو کے چھ کروڑ شیئرز خریدے ہیں۔ غیر ملکیوں کے شیئرز کی مارکیٹ قدر 13.53ارب ریال کے لگ بھگ ہے۔
غیر ملکیوں نے اتوار کو آرامکو شیئرز کے نرخوں میں گراوٹ کا فائدہ اٹھا کر زیادہ سے زیادہ شیئرز خریدے تھے۔
الاقتصادیہ کے مطابق نئی سٹاک مارکیٹوں میں آرامکو کی شمولیت کے بعد غیر ملکی 194.8 ارب ریال مالیت کے سعودی شیئر کے مالک بن گئے۔
گزشتہ ہفتے 3.56 ارب ریال کے سعودی شیئرز خریدے گئے۔ غیر ملکیوں کی مجموعی خریداری 10.24 ارب ریال کی تھی تاہم 6.68 ارب ریال کے شیئر فروخت بھی کیے تھے۔
الاقتصادیہ کے ماہرین کے تجزیے کے مطابق سال رواں کے شروع سے اب تک غیر ملکیوں کی ملکیت کی مارکیٹ ویلیو 115 فیصد بڑھی ہے۔
اس سے قبل سامبا کیپٹل نے ایک بیان میں بتایا تھا کہ غیر سعودیوں نے مارکیٹ میں افراد کو پیش کیے گئے 3.4 فیصد شیئرز خریدے ہیں۔ ان میں خلیجی ممالک اور سعودی عرب میں قیام پذیر مختلف ممالک کے شہری شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پاکستانی اور انڈین تارکین نے بھی آرامکو کے شئیر انفرادی طور پر خریدے ہیں۔
آرامکو نے اعلان کیا تھا کہ سعودی شہریوں سمیت جی سی سی ممالک کے شہری اور سعودی عرب میں مقیم غیرملکی جن کے مقامی بینک میں اکاؤنٹ ہیں آرامکو کے شیئرز خرید سکیں گے۔