’سعودی عرب پاکستان میں نئے فلاحی منصوبے شروع کرے گا‘
’سعودی عرب پاکستان میں نئے فلاحی منصوبے شروع کرے گا‘
پیر 6 جنوری 2020 16:46
وسیم عباسی -اردو نیوز، اسلام آباد
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعد المالکی نے کہا ہے کہ دونوں برادر ملکوں کے درمیان تعلقات نکتہ عروج پر ہیں اور چند ماہ میں سعودی حکومت شاہ سلمان سنٹر کے تحت پاکستان میں نئے فلاحی منصوبے شروع کرے گی۔
اسلام آباد میں اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ ہر مشکل وقت میں ساتھ کھڑا ہوتا ہے۔
فیصل مسجد میں کنگ سلمان ریلیف پاکستان کی جانب سے پاکستان کے تیس ہزار مستحق خاندانوں میں سردیوں کا ضروری سامان تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اب بھی ہمیشہ کی طرح پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چند ماہ میں شاہ سلمان فلاحی ادارے کی جانب سے پاکستان کے ساتھ ایک مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کیے جائیں گے جس کے تحت نئے فلاحی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مستحق خاندانوں کی امداد پاکستان کے عوام کے لیے سعودی فرمانرواہ شاہ سلمان کا تحفہ ہے۔
سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں سعودی ڈیولپمنٹ بینک کی جانب سے جلد ایک ہسپتال مکمل کیا جائے گا اور پہلے فیز میں 200 بیڈز کا ہسپتال بنے گا اور دوسرے فیز میں 500 بیڈ کا ہسپتال تعمیر کیا جائے گا۔
اس سے قبل شاہ سلمان کے فلاحی ادارے کی جانب پاکستان میں حالیہ سردی کی شدت کو مد نظر رکھتے ہوئے کمبل اور دیگر ضروری سامان مستحق افراد میں تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی جس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نورالحق قادری بھی موجود تھے جنہوں نے سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
منصوبے کے تحت پاکستان کے اکیس دور دراز کے اضلاع میں سردیوں کا پیکچ تقیسم کیا جائے گا جس میں ہر گھرانے کے لیے دو کمبل، مردانہ و زنانہ گرم شالیں، بچوں اور بڑوں کے لیے موزے، دستانے اور ٹوپیاں شامل ہیں۔ ان اشیا کی مجموعی لاگت 23 کروڑ روپے بنتی ہے۔