شہزادہ فیصل بن بندر نے سعودی عرب کی معاشی ترقی میں پاکستانیوں کے تعاون کی تعریف کی۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز نے کہا ہے کہ پاکستان کو امید ہے کہ سعودی عرب اپنے ’مکہ روٹ‘ پروگرام کے دائرہ کار کو بڑھاتے ہوئے پاکستانی حاجیوں کو سعودی عرب آنے میں مزید آسانی فراہم کرے گا۔
عرب نیوز کے مطابق پاکستانی سفیر نے گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر سے ملاقات کے دوران کہا کہ ’مکہ روٹ‘ پروگرام کے بعد آسانی پیدا ہونے سے پاکستانی خوش ہیں۔
اس موقع پر راجہ علی اعجاز نے ریاض ریجن میں پانچ لاکھ پاکستانیوں کی میزبانی کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط تر ہوتے جارہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے فروری 2019 میں پہلے دورہ پاکستان کے موقع پر ’مکہ روٹ‘ پروگرام کو حتمی شکل دی گئی تھی۔ اس پروگرام کے تحت عازمین حج کو گزشتہ سال پاکستان سے روانگی سے قبل امیگریشن اور کسٹمز کی سہولیات فراہم کی گئی تھیں۔ اس پائلٹ پراجیکٹ کے ذریعے یہ سہولت دیگر ایئرپورٹس تک بڑھانے کا منصوبہ ہے۔
شہزادہ فیصل بن بندر نے سعودی عرب کی معاشی ترقی میں پاکستانیوں کے تعاون کی تعریف کی اور کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مذہبی اور ثقافتی وابستگی کی بہت اہمیت ہے۔
قبل ازیں عرب نیوز سے گزشتہ ہفتے بات کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر راجہ اعجاز احمد نے سعودی پاکستان تعلقات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس وقت دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ مضبوط تعلقات ہیں۔
سعودی عرب میں اس وقت تقریبا 30 لاکھ پاکستانی ہیں۔ پاکستان کے وزیراعظم نے ایک سال سے بھی کم عرصے میں چار مرتبہ سعودی عرب کا دورہ کیا ہے اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی گزشتہ سال پاکستان کا دورہ کیا تھا جو دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات اور ایک دوسرے کے لیے دلی جذبات کی عکاسی ہے۔