ایپلیکیشن ٹیکسی سروس میں 20 ہزار غیر ملکی موجود ہیں ، فائل فوٹو اردو نیوز
سعودی عرب میں ٹرانسپورٹ کمیٹی کے ڈائریکٹر ماجد الزھرانی کا کہنا ہے کہ ایپ ٹیکسیوں میں سعودائزیشن کا ہدف حاصل کرنے میں غیر معمولی کامیابی ہوئی ہے۔ نئے سال کے آغاز سے ہی غیر ملکی ڈرائیوروں کی جگہ 20ہزار سعودی رجسٹرکیے جاچکے ہیں ۔
الزھرانی نے الوطن اخبار سے گفتگو کر تے ہوئے مزید کہا کہ ایپلیکیشن ٹیکسی کے شعبے میں 100فیصد سعودائزیشن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جسے مقررہ مدت میں حاصل کر لیا جائے گا ۔
ایپلیکیشن ٹیکسی سروس میں اس وقت تک 6 لاکھ کے قریب سعودی ڈرائیور رجسٹر ہیں جن میں 2ہزار سعودی خواتین بھی شامل ہیں جو اس شعبے میں کام کر رہی ہیں ۔
الزھرانی نے مزید کہا کہ اس وقت ایپ ٹیکسی سروس میں 20 ہزار کے قریب غیر ملکی خدمات انجام دے رہے ہیں ان کی جگہ جلد ہی سعودی لے لیں گے ۔
ٹیکسی سروس میں سعودائز یشن کے حوالے سے الزھرانی کا کہنا تھا کہ' ایپ ٹیکسی سروس میں غیر ملکیوں کی جگہ سعودیوں نے کام کرکے یہ ثابت کر دیا کہ وہ دیگر شعبوں کی طرح یہاں بھی کامیابی سے خدمات انجام دے سکتے ہیںـ' ۔
ٹرانسپورٹ کمیٹی کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ وزارت نقل و حمل کی جانب سے تفتیشی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں وزارت محنت و سماجی بہبود آبادی کے اہلکار بھی شامل ہیں ۔ یہ ٹیمیں اس امر کا جائزہ لیتی ہیں کہ کو ن سی کمپنیاں سعودائزیشن کے قانون پر عمل کر رہی ہیں اور کون اس کی خلاف ورزی کے مرتکب ہیں ۔
وہ کمپنیاں جو سعودی کارکنو ںکی جگہ غیر ملکیوں کو ڈرائیور کے طور پر رجسٹر کرتی ہیں انکے خلاف فوری تادیبی کارروائی کی جاتی ہے۔
تادیبی کارروائی کے بارے میں الزھرانی کا کہنا تھا کہ 'جہاں سعودیوں کی جگہ غیر ملکیوںکو رکھا جاتا ہے وزارت نقل و حمل کی جانب سے ان پر فی ڈرائیور 5 ہزار ریال جرمانہ عائد کیاجاتا ہے جبکہ کمپنی کی سروسز بھی بند کر دی جاتی ہیں' ۔
وزارت محنت کی جانب سے خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی اس کے علاوہ ہے جس میں جرمانہ اور وزارت محنت کا لائسنس منسوخ یا معطل کیا جانا شامل ہے ۔
الزھرانی نے مزید کہا کہ اس وقت مملکت میں ایپ ٹیکسی سروس کے شعبے میں 11 رجسٹرڈ کمپنیاں کام کررہی ہیں ۔ کمپنیوں کو اس بارے میں تحریری نوٹس جاری کیے جاچکے ہیں کہ رواں برس تمام غیر ملکی ڈرائیوروں کی جگہ سعودی شہریوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی سختی سے پابندی کی جائے ۔