رینٹ اے کار سروس کیلئے نیا ضابطہ آئندہ ماہ سے جاری
رینٹ اے کار سروس کیلئے نیا ضابطہ آئندہ ماہ سے جاری
جمعرات 9 جنوری 2020 15:36
' رینٹ اے کار' سروس مملکت کی سطح پر یکساں معاہدہ تیار کرليا گیا ۔ فوٹو ، الاقتصادیہ اخبار
جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر ماجد الزھرانی کا کہنا ہے کہ ' رینٹ اے کار' سروس کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جارہی ہے جس میں فریقین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا ۔
الزھرانی نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ٹرانسپورٹ کمیٹی کی جانب سے کرایے پر گاڑیاں فراہم کرنے والی کمپنیو ں اور اداروں کو یکساں معاہدے کا پابند کیاجائے گا ۔
کرایے پر دی جانے والی گاڑیوں کی انشورنس لازمی ہو گی ۔ اخبار 24 نے نجی ٹی وی چینل ایس بی سی کو دیئے گئے انٹرویوکے حوالے سے لکھا ہے کہ ٹرانسپورٹ کی جنرل اتھارٹی کو متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں جن پر غور کرنے کے بعد اتھارٹی کی جانب سے جامع حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے ۔
اتھارٹی کو موصول ہونے والی شکایات میں گاڑیاں کرایے پر دینے والے اداروں کی جانب سے بنائے جانے والے معاہدے کی بعض شقوں کے بارے میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ انہیں درست کرایا جائے ۔
شکایات میں مزید کہا گیا تھا کہ کرائے پر گاڑیاں فراہم کرنے والے اداروں کی جانب سے انشورنس کی مد میں اضافی رقم وصول کی جاتی ہے جو غلط ہے ۔
اس حوالے سے الزھرانی کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ اتھارٹی فریقین کے حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے ایسا معاہدہ تیار کر رہی ہے جو مملکت کی سطح پر یکساں ہو گا ۔ رینٹ اے کار سروس سے متعلق تمام کمپنیاں یکساں معاہدہ استعمال کرنے کی پابند ہونگی۔
گاڑیوں کو کرایے پر حاصل کرنے کے معاہدے میں انشورنس کے مسائل کو بھی حل کیا گیا ہے جس سے صارفین کی جملہ شکایات کا ازالہ ممکن ہو گا ۔جبکہ ایسی گاڑیاں کرایے پر دینے کی ممانعت ہوگی جو خراب ہوں یا جن پر پہلے سے ٹریفک جرمانے ہوں ۔
الزھرانی نے مزید کہا کہ اتھارٹی کی جانب سے نیا لائحہ عمل آئندہ ماہ تک پیش کر دیا جائے گا جس کے بعد مملکت میں ' رینٹ اے کار' کے شعبے میں کام کرنے والے تمام ادارے اس پر عمل کرنے کے پابند ہونگے ۔
واضح رہے کرایے پر گاڑی فراہم کرنے والے ادارے اور کمپنیوں کے معاہدے مختلف ہوتے ہیں ۔ ہر کمپنی اپنے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے معاہدے میں اپنی مرضی کی شقیں تحریر کرتی ہے جس کے بعد کرایے پر گاڑی لینے والا اس امرکا پابندہوتا ہے کہ وہ معاہدے پر من و عن عمل کرتے ہوئے ہونے والے نقصان کو پورا کرے ۔