Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موسلادھار بارش کے باعث دبئی جانے والی پروازیں متاثر

ائیرپورٹ کے راستوں پر عوام کو پریشانی کا سامنا ہے۔ (فوٹوگلف نیوز)
امارات میں موسلادھار بارش جاری رہنے کی وجہ سے دبئی جانے والی پروازیں متاثر ہوسکتی ہیں۔
دبئی میڈیا سینٹر نے ٹوئٹر پر اپنے اکاؤنٹ میں کہا ہے کہ ’ملک میں بارش جاری رہنے کے باعث دبئی ایئرپورٹ کی بعض پروازیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے‘۔
میڈیا سینٹر نے کہا ہے کہ ’آنے والے 24 گھنٹوں کے دوران اس بات کا امکان ہے کہ بعض پروازیں منسوخ ہوں، بعض تاخیر کا شکار ہوں جبکہ بعض کو دیگر ہوائی اڈوں پر اتارا جائے‘۔
میڈیا سینٹر نے بتایا ہے کہ ’ہم اپنے شرکا کے ساتھ صارفین کو بہترین سہولت فراہم کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں‘۔
دوسری طرف العربیہ کے مطابق دبئی ایئرپورٹ انتظامیہ نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ ’موسمی حالات کی وجہ سے ایئرپورٹ آنے سے پہلے ہوائی کمپنی سے رابطہ کیا جائے۔ مسافروں کو چاہئے کہ ایئر پورٹ پہنچنے کے لیے کافی وقت پہلے گھروں سے نکلیں‘۔ 
دریں اثنا فلائی دبئی نے اعلامیہ جاری کرکے کہا ہے کہ ’خراب موسم کی وجہ سے آج ہفتہ کو ہماری پروازیں متاثر ہوئی ہیں‘۔ 
ہوائی کمپنی نے کہا ہے کہ ’بعض طے شدہ پروازیں تاخیر کا شکار ہوئی ہیں جبکہ بعض کو ملک کے دوسرے ہوائی اڈوں پر اتارا گیا ہے‘۔
خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں موسلا دھار بارش کے بعد سڑکوں پر پانی کھڑا ہو گیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی میں دشواری پیش آرہی ہے۔ دبئی کی بڑی شاہراہوں پر غیر ضروری نکلنے سے عوام کو منع کیا گیا ہے۔ 
گلف نیوز میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق محکمہ موسمیات نے آج بھی مطلع ابر آلود رہنے اور بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ موسمیات کے قومی مرکز کے مطابق خاص طور پر شمال ، مشرقی اور کچھ ساحلی اور اندرونی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

متعدد شاہراہیں کے زیر آب آجانے کے باعث متعدد گاڑیاں پھنس گئیں(فوٹو گلف نیوز)

تیز بارش سے دبئی کی متعدد شاہراوں کے زیر آب آجانے کے باعث متعدد گاڑیاں پھنس گئیں، ائیرپورٹ کے راستوں پر عوام کو پریشانی اور رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ دبئی میں مقیم کچھ منچلوں کو بارش سے لطف اندوز ہوتے اور سڑکوں پرکرکٹ کھیلتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دبئی، ابو ظہبی کے مشرقی حصے ،شارجہ ، عجمان ، راس الخیمہ ، فجیرہ ، ام القوین اور ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں بارش ہوئی ہے۔

فجیرہ کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا (فوٹو گلف نیوز)

 ماہرین موسمیات نے موجودہ موسم کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ٹھنڈی ہوا ئیں مغربی خطے اور بحر احمر سے متحدہ عرب امارات کی طرف آ رہی ہیں۔ جب سرد ہوا کا حجم متحدہ عرب امارات میں پہنچتا ہے اور کم دباو ہوتا ہے تو بادل ابھرتے ہیں۔ یہ صورتحال دن بھر رہنے کا امکان ہے تاہم اتوار کو ہلکی بارش کا امکان ہے۔
مسلسل بارش کے باعث فجیرہ کے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ،انڈر پاس زیر آب آ گئے، اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہے اور یہ انتباہ بھی جاری کیا گیا ہے کہ تیز ہواوں اور ابر آلود موسم سے دھول اور ریت اڑانے کی توقع ہے جس کے نتیجے میں حد نگاہ کم ہونے کا امکان ہے۔

دبئی میں مقیم کچھ منچلے بارش سے لطف اندوز ہوتے(فوٹو گلف نیوز)

ہوا کی رفتار جو 35 تا 45 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے اس میں55 تا 65 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک اضافہ ہو سکتا ہے ، عوام کو گھروں سے نکلنے سے قبل ایسی صورتحال کا سامنا کرنے کی تیاری کا مشورہ دیا گیا ہے۔
 مسلسل بارش کے بعد متحدہ عرب امارات کے درجہ حرارت میں کمی آئی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 سے23 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ساحلی علاقوں میں نقطہ انجماد 19 تا22 ہے۔ 

عوام کو گھروں سے نکلنے سے قبل ایسی صورتحال سے آگاہ کیا گیا ہے (فوٹو گلف نیوز)

پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت مزید کم ہو کر15سے 11تک آگیا ہے۔ ساحلی علاقوں میں نمی کا تناسب 85 فیصد اوراندرونی علاقوں میں 45 تا 80 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
بحیرہ عرب میں سمندری لہروں میں اضافہ کے باعث عوام کو ساحل سمندر سے دوررہنے کا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔

شیئر: