Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے خصوصی ایپ

وزیراعظم کی سٹیزن پورٹل سروس کی طرح ’کال سرزمین‘ موبائل ایپ پر شہری اپنی شکایات درج کروا سکیں گے۔ فوٹو: سوشل میڈیا
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کی شنوائی اور فوری حل کے لیے حکومت پاکستان نے ’کال سر زمین‘ کے نام سے ایپ متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اردو نیوز کو بتایا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے فوری تدارک کے لیے ’کال سرزمین‘ ایپ متعارف کروائی جا رہی ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا ’بیرون ملک مقیم پاکستانی اس ایپ پر اپنی شکایات کا اندراج کروا سکتے ہیں۔ کسی بھی محکمے میں درپیش مسائل کے حوالے سے شکایات درج کی جائیں گی۔‘
واضح رہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ’کال سرزمین‘ کے نام سے ہیلپ لائن بھی موجود تھی جسے اب موبائل ایپ میں تبدیل کر دیا جائے گا۔

 

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے بتایا کہ اس ایپ کو براہ راست وزارت سمندر پار پاکستانی دیکھے گی اور متعلقہ محکموں سے شکایات کے ازالے کی رپورٹ لی جائے گی۔
فردوس عاشق اعوان کے مطابق ’بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی اکثر شکایات زمینوں پر قبضہ، پاسپورٹ یا امیگریشن کے مسائل سے متعلق ہوتی ہیں اور وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے فوری حل کے لیے اب خصوصی موبائل ایپ کے اجرا کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘
وزیراعظم کی سٹیزن پورٹل سروس کی طرح ’کال سرزمین‘ موبائل ایپ پر شہری اپنی شکایات درج کروا سکیں گے لیکن یہ ایپ خصوصی طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے تیار کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم نے عام شہریوں کی شکایات کے لیے سٹیزن پورٹل ایپ بھی متعارف کروائی ہے جسے 13 لاکھ 97 ہزار صارفین استعمال کر رہے ہیں۔

سمندر پار پاکستانیوں کی سٹیزن پورٹل پر شکایات سے متعلق بھی وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے. فوٹو: سوشل میڈیا

ان صارفین میں بیرون ملک مقیم پاکستانی صارفین کی تعداد ایک لاکھ 24 ہزار سے زائد ہے۔
وزیراعظم  ڈیلیوری یونٹ کے اعداد و شمار کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے اب تک 85 ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئی ہیں۔
سٹیزن پورٹل پر سب سے زیادہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں نے شکایات کا اندراج کیا ہے۔
وزیراعظم ڈیلیوری یونٹ کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک 41 فیصد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے سٹیزن پورٹل سروس پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کی سٹیزن پورٹل پر شکایات سے متعلق بھی وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جو کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے درج کی گئی شکایات کے ازالے کا خصوصی جائزہ لیں گے۔ اس کمیٹی میں وزارت داخلہ اور خارجہ کے حکام سمیت صوبائی چیف سیکرٹریز کو شامل کیا گیا ہے۔

شیئر: