Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ: ٹرمینل ون پر کارپارکنگ فیس کتنی؟

ایک دن کے لیے گاڑی پارک کرنے پر 15 ریال کرایہ مقرر ہے۔ فوٹو، سوشل میڈیا
جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جدہ کے نئے تعمیر ہونے والے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ایئر پورٹ ٹرمنل 1 کی کار پارکنگ میں جدید سہولتیں مہیا کی جارہی ہیں۔ پارکنگ فیس کا تعین عالمی معیار کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
واضح رہے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے کی تعمیر حال ہی میں مکمل ہوئی ہے جہاں سے اندورن ملک اور بیرون مملکت پروازاوں کی محدود پیمانے پر آمد ورفت کا آغاز بھی کیا جاچکا ہے۔

سرخ اور سبز لائٹوں سے خالی پارکنگ کے بارے میں دور سے معلوم کیاجاسکتا ہے ۔فوٹو ۔سوشل میڈیا

سوشل میڈیا پر ٹرمنل ون کی کار پارکنگ کی فیس کے حوالے سے لوگ مختلف آراء کا اظہار کررہے تھے جس پر سول ایوی ایشن کی جانب سے پارکنگ فیس کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا کہ ' نئے ہوائی اڈے پر فراہم کی جانے والی کارپارکنگ کو عالمی معیار کے مطابق تیار کیا گیا ہے،پارکنگ کی درجہ بندی بھی کی گئی ہے جبکہ پارکنگ لاٹ سے ٹرمنل تک آنے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے مفت شٹل سروس کی سہولت بھی مہیا کی جاتی ہے '
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ایئر پورٹ کی پارکنگ میں 8 ہزار گاڑیوں کی گنجائش ہے ۔ فی گھنٹہ 5 ریال پارکنگ فیس مقرر کی گئی ہے جو کہ خود کار طریقے سے ادا کی جاسکتی ہے ۔ وہ افراد جو خود کارطریقے سے فیس ادا نہیں کرتے ان کے لیے فی گھنٹہ 10 ریال فیس رکھی گئی ہے جو پارکنگ سے نکلتے وقت ایگزٹ گیٹ پر ادا کرنا ہو تی ہے ۔

ٹرمنل ون پر دنیا کا سب سے بڑا فش ٹینک بنایا گیا ہے۔ فوٹو ، سوشل میڈیا 

طویل دورانیہ کے لیے گاڑیاں پارک کرنے والوں کے لیے ایک ریال فی گھنٹہ جبکہ ایک دن کے لیے 15 ریال مقرر کیے گئے ہیں ۔ 
واضح رہے جدہ کے شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈے کا ٹرمنل ون کی تعمیر میں تمام عالمی معیار کے تقاضوں کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ ایئر پورٹ کے ٹرمنل پر دنیا کا سب سے بڑا ' فش ٹینک  بنایا گیا ہے جس میں 2ہزار سے زائد انواع و اقسام کی مچھلیاں رکھی گئی ہیں۔
ٹرمنل ون کی کار پارکنگ بھی اس انداز میں ڈیزائن کی گئی ہے کہ زیادہ سے زیادہ گاڑیوں کی گنجائش نکالی جاسکے ۔ پارکنگ میں آنے والے کو دور سے ہی معلوم ہوجائے گا کہ کس لائن میں کون سی پارکنگ خالی ہے۔ 
خالی پارکنگ کی نشاندہی کے لیے سرخ اور سبز لائٹ لگائی گئی ہے جو دور سے ہی باسانی دکھائی دیتی ہے ۔ پارکنگ میں لگائی گئی لائٹس خودکار انداز میں کام کرتی ہیں جب بھی کوئی گاڑی پارکنگ میں آتی ہے تو لائٹ سرخ ہو جاتی ہے۔پارکنگ سے گاڑی نکلنے پر وہاں لگے جدید اور انتہائی حساس سینسرز سبز لائٹ کو آن کردیتے ہیں جس سے یہ دور سے ہی یہ معلوم ہو جاتا ہے کہ کسی لائن میں پارکنگ کے لیے جگہ خالی ہے۔ 

شیئر: