شرائط کی پابندی نہ کرنے پر شیشے رنگین کرنا خلاف ورزی ہے۔ فوٹو: ٹوئٹر
سعودی محکمہ ٹریفک کے مطابق گاڑیوں کے شیشے مشروط شکل میں رنگین کیے جاسکتے ہیں۔ شرائط کی پابندی نہ کرنے پر شیشے رنگین کرنا خلاف ورزی ہے۔
عاجل ویب سائٹ نے محکمہ ٹریفک کے حوالے سے بتایا’پہلی شرط یہ ہے کہ شیشہ رنگین کرنے کی صورت میں شفاف رہے۔ اس پر کوئی حرج نہیں۔گلاس ایسا ہو جس سے تصویر منعکس نہ ہوتی ہو‘۔
’شیشہ ایسا استعمال کیا جائے جس پر مملکت میں پابندی نہ ہو اور کسی انسان یا ماحول کے لیے ضرر رساں نہ ہو۔گاڑی کے سامنے والے یا عقبی شیشے کو کسی طور رنگین کرنے کی اجازت نہیں‘۔
محکمہ ٹریفک کے مطابق جن گاڑیوں شیشے رنگین کرنے کی مشروط اجازت دی جاتی ہے وہ ایسی گاڑیاں ہوتی ہیں جن میں ڈرائیونگ کیبن ہوتا ہے اور ان کی عقبی نشستیں سواریوں کی منتقلی کے لیے مختص ہوتی ہیں۔
’لیموزین، عام ٹیکسی، یومیہ سواریاں لانے لیجانے والی گاڑیاں ، ایک دروازے والی سپورٹس کار، سامان بردار گاڑیوں اور شہروں کے اندر ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرنے والی بسوں کو شیشے رنگین کرنے کی اجازت نہیں ہے‘۔
دریں اثناسعودی محکمہ ٹریفک نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو خبردار کیا ہے کہ چھ خلاف ورزیوں سے انتہائی محتاط رہیں۔ ان میں سے بعض کے جرمانے 10ہزار ریال تک ہیں۔
محکمہ ٹریفک نے ٹویٹر پر اعلامیے میں کہا’ ریڈ سگنل توڑنے پر کم از کم جرمانہ 3 ہزار اور زیادہ سے زیادہ 6 ہزار ریال ہے۔ یہ ایسی خلاف ورزی ہے جس سے لوگوں کی جان بھی ضائع ہوجاتی ہے۔ اسے بھاری ٹریفک خلاف ورزیوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے‘۔
’ کسی اور کی گاڑی کی نمبر پلیٹ استعمال کرنا بھاری ٹریفک خلاف ورزی ہے اس پر کم از کم جرمانہ 5ہزار ریال اور زیادہ سے زیادہ 10ہزار ریال تک ہے۔ گاڑی محکمہ ٹریفک کی تحویل میں رہے گی‘۔
ٹریفک قانون کے بموجب 11خلاف ورزیاں عوامی سلامتی کے لیے پر خطر ہیں۔ ان میں ٹائر اسکریچنگ، نشے یا خواب آور دوا لے کر گاڑی چلانا ، ریڈ سگنل توڑنا اور مخالف سمت میں گاڑی چلانا شامل ہیں۔
زگ زیگ ڈرائیونگ ، مٹی ہوئی نمبر پلیٹ کے ساتھ ڈرائیونگ،موڑ اور ڈھلوان پر اوور ٹیک کرنا، بغیر بریک والی گاڑی چلانا، بغیر لائٹس والی گاڑی چلانا، فی گھنٹہ مقررہ رفتار سے 25 کلو میٹر سے زیادہ رفتار کے ساتھ گاڑی چلانا، ڈرائیونگ کے دوران موبائل کااستعمال،سٹاپ والے سگنل پر گاڑی وقفے کے بغیر چلاتے چلے جانا بھی ٹریفک خلاف ورزیاں ہیں۔