کرایہ دار قانون اور قواعد و ضوابط کی پابندی کریں۔ فائل فوٹو
متحدہ عرب امارات میں خبردار کیا گیا ہے کہ کرایہ دار مقررہ وقت پر مالک یا اس کے نمائندے کو دکان یا مکان کی چابی حوالے کریں۔ جب تک چابی حوالے نہیں کی جائے گی تب تک مکان یا دکان کی ذمہ داری اسی کی رہے گی۔
الامارات الیوم کے مطابق دبئی میں جائیدادوں کے تنازعات نمٹانے والے سینٹر نے واضح کیا ’ اگر کرایہ دار نے مالک یا اس کے نمائندے کو مقررہ وقت پر چابی حوالے نہ کی تو ایسی صورت میں کرائے معاہدے میں خودکار نظام کے تحت توسیع ہو جائے گی اورکرائے دار کے لیے اگلے ماہ کا کرایہ ادا کرنا لازم ہو جائے گا‘۔
سینٹر کے چیئرمین عبدالقادر موسیٰ نے کرایہ داروں سے کہا کہ ’ کرایہ دار قانون اور قواعد و ضوابط کی پابندی کریں۔ پابندی نہ کرنے کی صورت میں مکان یا دکان کے مالک کے ساتھ تنازعات سے بچا جائے‘۔
عبدالقادر موسیٰ کے مطابق’ روزانہ شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ کرایہ داروں کا شکوہ ہے کہ کرائے کی میعاد ختم ہو جانے کے باوجود مکان یا دکان حوالے کرنے کا سرٹیفیکیٹ نہیں دیا جا رہا‘۔
’بعض مالکان شکایت کر رہے ہیں کہ کرایہ داروں نے چابی ان کے حوالے نہیں کی۔ کرایہ دار مکان یا دکان خالی کردیتے ہیں مگر چابی حوالے نہیں کرتے ‘۔