سعودی عرب کے شہر طائف میں ڈرائیونگ سیکھنے کے لیے خواتین میں غیر معمولی جوش و خروش پایا جاتا ہے ۔ جامعہ طائف میں ڈرائیونگ سینٹر کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رجسٹریشن کے پہلے 2دنوں میں 5 ہزار خواتین امیدواروں نے اپنا نام درج کرایا۔
واضح رہے سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت 2018 میں دی گئی تھی جس کے بعد جدہ ، ریاض ، دمام میں خواتین کے لیے مخصوص ڈرائیونگ اسکول کھولے گئے۔
معروف پہاڑی سلسلے میں واقع طائف شہر میں کافی عرصے سے خواتین کا مطالبہ تھا کہ ڈرائیونگ اسکول قائم کیاجائے ۔ اس حوالے سے مقامی نیوز ویب ' اخبار 24 ' کے مطابق جامعہ طائف میں خواتین کے لیے خصوصی ڈرائیونگ سینٹرقائم کیا گیاہے۔
خواتین ڈرائیونگ سینٹر میں آن لائن رجسٹریشن کا آغاز جمعہ کے روز کیا گیا ۔ سینٹر کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ محض 2 دنوں(جمعہ اور ہفتہ ) میں 5 ہزار خواتین امیدواروں نے ڈرائیونگ سیکھنے کے لیے رجسٹریشن کرائی۔
جامعہ طائف کے ترجمان ڈاکٹر سطام العتیبی کا کہنا ہے کہ ' خواتین کے مطالبہ پر ڈرائیونگ سینٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ۔ سینٹر کی جانب سے آن لائن رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی گئی تھی جس میں غیر معمولی طور پر خواتین نے رجسٹریشن کرائی'۔
دریں اثناء عربی جریدے ' عکاظ ' کے مطابق سعودی محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا ہے کہ خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس مقررہ قواعد کے مطابق جاری کیے جاتے ہیں۔
انہوںنے مزید کہا ' خواتین کے لیے مختلف کمشنریوں میں مزید ڈرائیونگ سینٹر قائم کیے جائیں گے تاہم اب تک مختلف شہروں میں 22 سینٹر ز قائم کیے جا چکے ہیں جہاں سے خواتین اپنا بیرون مملکت حاصل کیا گیا لائسنس تبدیل کراسکتی ہیں ' ۔
' خواتین کو ڈرائیونگ کی تربیت دینے کے لیے ٹریننگ سینٹرز کو ٹریفک پولیس کا تعاون حاصل ہے جہاں مقررہ قواعد کے تحت خواتین کو گاڑی چلانے کی تعلیم دی جاتی ہے جس کے بعد ٹریفک پولیس کے متعلقہ شعبے میں انکا عملی امتحان لیا جاتا ہے، ٹیسٹ پاس کرنے پر انہیں لائسنس جاری کر دیا جاتا ہے۔
ڈرائیونگ سینٹر کے قوانین کے مطابق لائسنس حاصل کرنے کے لیے امیدوار کا کم از کم 18 برس ہونا لازمی ہے جبکہ کمرشل ڈرائیونگ لائسنس کے لیے عمر کی حد 20 برس مقرر کی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس کے ادار ے میں لائسنس کے لیے درخواست دینے سے قبل ڈرائیونگ اسکول میں تعلیم حاصل کرنا لازمی ہے ۔مقررہ مدت کا کورس کرنے کے بعد ٹریفک پولیس کے ادارے میں لائسنس حاصل کرنے کے لیے باقاعدہ ٹیسٹ دیا جاتا ہے۔