Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خاتون نے مقابلہ جیتنے کے لیے اتنا کیک کھایا کہ جان چلی گئی

کیک کھانے کے مقابلے ہر سال قومی دن پر منعقد کیے جاتے ہیں (فائل فوٹو: برسبین ٹائمز)
آپ نے دنیا میں کئی طرح کے مقابلوں کے بارے سن رکھا ہوگا اور ان میں ایسے مقابلے بھی ہیں جن میں لوگ جان کی بازی ہار جاتے ہیں مگر کیا یہ بھی ممکن ہے کہ کوئی کیک کھانے جیسے بے ضرر مقابلے میں مارا جائے؟
کچھ ایسا ہی آسٹریلیا کے قومی دن کے موقعے پر اس وقت ہوا جب سڈنی میں کیک کھانے کے ایک روایتی مقابلے میں ایک ادھیڑ عمر خاتون ہلاک ہو گئیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ مقابلہ اتوار کو بیچ ہاؤس ہوٹل میں ہوا جہاں روایتی لیمنگٹن کیک ایک 60 برس کی خاتون کے حلق میں پھنس گیا۔
انہیں ہسپتال لے جا کر ان کے گلے کا آپریشن کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
لیمنگٹن کیوب کی شکل کا ایک روایتی کیک ہے جسے چاکلیٹ میں ڈبویا جاتا ہے اور اس کے بعد اس کے اوپر کھوپرا لگایا جاتا ہے۔
ہوٹل انتظامیہ نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہوٹل کی انتظامیہ اور سٹاف ہمارے ہوٹل میں ہلاک ہونے والی خاتون کے خاندان سے دلی افسوس کا اظہار کرتی ہے۔‘
انتظامیہ کے مطابق ’ہم اپنے سٹاف اور ایمبولینس سروس کی جانب سے بر وقت اور پیشہ ورانہ انداز میں ایکشن لینے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘

لیمنگٹن کیک جو خاتون کی ہلاکت کی وجہ بنا (فوٹو: ٹوئٹر)

پولیس کا کہنا ہے کہ اسے خاتون کی ہلاکت کے حوالے سے کسی پر شک نہیں ہے۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ واقعے کی رپورٹ تیار کر کے جلد حکام بالا تک پہنچا دی جائے گی۔

شیئر: