سیڑھیاں چرحتے ہوئے قندیل کو کتے نے کاٹ لیا۔ فوٹو: اے ایف پی
کراچی کے علاقے ڈیفینس میں ایک خاتون کو مبینہ طور پر ان کی پڑوسن کے کتے نے کاٹ لیا جس کے بعد انہوں نے تھانہ درخشاں میں پڑوسی خاتون کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا ہے۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے تھانہ درخشاں کے سب انسپکٹر شاہد نے بتایا کہ ڈیفینس کے علاقے خیابانِ شمشیر کی رہائشی خاتون قندیل ناصر نے بدھ کے روز پولیس سٹیشن آکر اپنی شکایات درج کروائی۔
پولیس رپورٹ کے مطابق قندیل جب 20 جنوری کو رات 8 بجے اپنے گھر پہنچیں، جو پہلی منزل پر ہے، تو گھر کی سیڑھیاں چڑھنے سے پہلے ان کی پڑوسی خاتون کے پالتو کتے نے انہیں کاٹ لیا۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ قندیل ناصر نے پولیس کو اپنا تعارف بطور فری لانس میڈیا پرسن کروایا، جبکہ فیس بک پر ان کا سیلیبرٹی پیج بھی ہے جس کے مطابق وہ مختلف پروگراموں اور ایونٹس کی میزبانی کرتی ہیں۔
پولیس کے مطابق جس خاتون کے خلاف مقدمہ درج کروایا گیا ہے ان کا نام عائشہ خان ہے اور وہ بھی کسی میڈیا چینل سے وابستہ ہیں۔
سب انسپکٹر شاہد نے بتایا کہ قندیل کی جناب سے شکایت موصول ہونے پر انہیں جناح ہسپتال بھیجا گیا تاکہ ان کا طبی معائنہ ہو سکے، جناح ہسپتال کے میڈیکو لیگل آفیسر کی جانب سے واقعے کی تصدیق ہونے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔
عائشہ خان نے اپنے خلاف مقدمہ درج ہونے کے بعد جمعرات کو عدالت میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست جمع کروائی جو منظور بھی ہوگئی۔ پولیس کی جناب سے راؤ رفیق کو کیس کا تفتیشی افسر مقرر کیا گیا ہے۔ جبکہ پولیس کی جانب سے محکمہ وائلڈ لائف کو بھی واقعے کی اطلاع دے دی گئی ہے۔
یہاں یہ بات بتاتے چلیں کے صوبہ سندھ میں آوارہ کتے کے کاٹنے کے واقعات میں گزشتہ چند ماہ میں بے حد اضافہ ہوا ہے ساتھ ہی دیہی علاقوں میں سگ گریزی کی ویکسین بھی ناپید ہو چکی ہے جس کی وجہ سے متعدد اموات بھی ہو چکی ہیں، کراچی میں آوارہ کتوں کی نسل کشی کے حوالے سے بھی حکومت اور فلاحی اداروں کی جناب سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔