Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حوثیوں کی بارودی سرنگ سے مصری ماہی گیر کشتی تباہ 

 باردوی سرنگوں سے سمندری گزر گاہ کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ فوٹو،صدیٰ العرب  
یمن میں حوثی باغیوں سے برسر پیکار عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے سمندر میں بچھائی گئی بارودی سرنگ سے ماہی گیروں کی کشتی ٹکرا گئی جس سے 3 مصری ہلاک ہو گئے۔ 
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ یمن میں حوثیوں کی جانب سے سمندر میں بھی باردوی سرنگیں بچھانے کا سلسلہ جاری ہے۔
گزشتہ بدھ 5 فروری کو بحرالاحمر میں حوثیوں کی باردوی سرنگ کا شکار مصری ماہی گیروں کی ایک کشتی بنی جس میں 3 مصری  ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔ 

اتحادی فوج بارودی سرنگوں کی صفائی کا عمل جارکھے گی ، فوٹو ، ایس پی اے 

کشتی کے باردوی سرنگ کے ساتھ ٹکرانے سے ہونے والے دھماکے کو سن کر اتحادی فوج کی پیٹرولنگ پارٹی وہاں پہنچ کر تین ماہی گیروں کو بچانے میں کامیا ب ہوگئی۔ 
کرنل ترکی المالکی نے اپنے بیان میں مزید کہا ایران کے حمایت یافتہ دہشت گرد حوثی باغیوں کی جانب سے سمندر میں بارودی سرنگیں بچھانے کا عمل خطے کے لیے انتہائی خطرناک ہے۔ حوثیوں کے اس عمل سے خطے میں سمندری گزرگاہوں کو شدید خطرات لاحق ہیں جس کے منفی اثرات عالمی تجارت پر مرتب ہوں گے۔
المالکی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اتحادی افواج کی جانب سے بحری گزرگاہ خاص کر بحرہ الاحمر کے جنوب میں ’باب المندب‘ بندرگاہ کے قریب کے علاقوں میں بچھائی جانے والی بارودی سرنگوں کی صفائی کا عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ سمندری ٹرانسپورٹ کو خطرات سے محفوظ کیا جاسکے۔ 
کرنل المالکی کا مزید کہنا تھا کہ اب تک اتحادی فوج نے حوثی باغیوں کی جانب سے بچھائی جانے والی 137 سمندری بارودی سرنگیں کامیابی سے صاف کی ہیں۔ 

مسام پروگرام کے تحت یمن میں  ہزاروں بارودی سرنگیں صاف کی گئیں۔ فوٹو، شرق الاوسط

دریں اثناء سعودی خبررساں ایجنسی نے شاہ سلمان امدادی سینٹر برائے فلاح انسانی اعمال کے پروگرام ’مسام‘ کے حوالے سے کہا ہے کہ پروگرام کے تحت یمن میں انسانی ہمدردی کی بنیا د پر شہریوں کو بہتر اور محفوظ ترماحول فراہم کرنے کے لیے مختلف علاقوں میں حوثی باغیوں کی جانب سے نصب کی جانے والی بارودی سرنگوں کی صفائی کاکام جاری ہے۔
دہشت گرد حوثیوں کی جانب سے ہزاروں کی تعداد میں مختلف مقامات پر بارودی سرنگیں نصب کی گئی ہیں جن سے اب تک بڑی تعداد میں لوگوں کی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ 

شیئر: