Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سردی کی لہر کے باعث سکولوں کے اوقات دو گھنٹے موخر

شدید سردی کے باعث جمعرات تک سکولوں کے اوقات 9 بجے شروع ہوا کریں گے ( فوٹو: طقس العرب)
سعودی عرب میں سردی کی حالیہ شدید لہر کے باعث تبوک، الجوف، قصیم اور حائل کے سکولوں کے اوقات دو گھنٹے موخر کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔
مذکورہ علاقوں میں سکول جمعرات تک صبح 9 بجے شروع ہوا کریں گے نیز محکمہ تعلیم نے اس عرصے کے دوران اسمبلی معطل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق تبوک، الجوف، قصیم اور حائل کے محکمہ تعلیم نے اعلامیہ جاری کر کے تمام سکولوں کو ہدایت کی ہے کہ علاقہ میں سردی کی شدید لہر کے باعث سکول اوقات میں تاخیر کی جا رہی ہے۔
دوسری طرف محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کے شمالی علاقے سردی کی شدید لہر کی زد میں ہوں گے جہاں بعض علاقوں میں درجہ حرارت 6 منفی ہوجائے گا‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’طریف، حائل اور رفحا میں سب سے زیادہ سردی ہوگی جہاں پانی نلوں میں جم جائے گا۔ یہ کیفیت رواں ہفتے اختتام تک رہے گی‘۔
ادھر طقس العرب ویب سائٹ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ’سردی کی شدید لہر مرحلہ وار پورے سعودی عرب اور خلیجی ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی‘۔
ماہر موسمیات عبد العزیز الحصینی نے کہا ہے کہ ’عملی طور پر سردی کی شدید لہر سعودی عرب پہنچ گئی ہے مگر کل پیر تک اس کی شدت مزید نئے علاقوں میں محسوس کی جائے گی‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’سردی کی حالیہ لہر سب سے زیادہ شدید ہوگی۔ یہ جمعرات تک جاری رہے گی‘۔

شیئر: