مدینہ منورہ، مشرقی ریجن اور دیگر علاقے سردی کی نئی لہر سے متاثر ہوں گے۔ فوٹو عاجل
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں سردی کی نئی شدید لہر جمعے سے منگل تک آئے گی۔ دن کے وقت ملک کے بیشتر علاقوں میں گرد و غبار چھایا رہے گا۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے اور اخبار 24کے مطابق کئی علاقوں میں درجہ حرارت کم ہوجائے گا۔ شمالی علاقوں الجوف، تبوک اور حائل میں کم از کم درجہ حرارت منفی ہوگا جبکہ اتوار کی شام سے نقطہ انجماد سے نیچے چلا جائے گا۔
پیر سے القصیم، مشرقی ریجن، الشرقیہ اور مدینہ منورہ بھی سردی کی لہر سے متاثر ہوں گے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ الجوف اور حدود شمالیہ میں ہوا کی رفتار 55 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی جبکہ حائل، قصیم، تبوک ، الشرقیہ میں ہوا کی رفتار50 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی۔
مکہ، مدینہ اور نجران میں ہوا کی رفتار45 کلو میٹر فی کلو گھنٹہ تک رہے گی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ سے شمالی حدود، الجوف اور تبوک میں موسم تبدیل ہوگا اور ہلکی بارش ہوگی۔
تبوک کے پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔ اللوز، علقان ، الظہر پہاڑوں پر برفباری ہوگی۔