ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام: ڈبلیو ڈبلیو ای 50 سعودی ریسلرز کو تربیت دے گا
ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام: ڈبلیو ڈبلیو ای 50 سعودی ریسلرز کو تربیت دے گا
منگل 18 فروری 2020 12:19
سعودی نوجوانوں کو ڈبلیو ڈبلیو ای کے ساتھ معاہدوں کے لیے چنا جائے گا۔ (فوٹو اردونیوز)
ڈبلیو ڈبلیو ای نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب میں ٹیلنٹ ہنٹ کے لیے جون 2020 میں چار روزہ مقابلے کرائے جائیں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ کی زیرنگرانی ان مقابلوں کے بعد 50 ایسے نوجوانوں کو ڈبلیو ڈبلیو ای کے ساتھ مختلف معاہدوں کے لیے چنا جائے گا۔
ڈبلیو ڈبلیو ای کے پروگرام کے تحت سعودی عرب کے نوجوان ریسلرز کو تربیت دے کر ان کی صلاحیتوں اور کارکردگی کو نکھارنے کے لیے مزید ٹریننگ دی جائے گی۔
معاہدے کے بعد انہیں امریکہ میں قائم ڈبلیو ڈبلیو ای کے ٹریننگ سنٹر میں مکمل تربیت کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
ڈبلیو ڈبلیو ای کی جانب سے پیشکش کی گئی ہے کہ ایسے نوجوان جو ریاض میں ہونے والے ٹیلنٹ ہنٹ مقابلوں میں شمولیت کے خواہشمند ہیں وہ ان کی ویب سائٹ کے ذریعے اپنا اندراج کرا سکتے ہیں۔
مقابلوں میں حصہ لینے کا طریقہ کار اور مکمل ہدایات ویب سائٹ پر موجود ہیں۔
قبل ازیں ڈبلیو ڈبلیو ای کے لیے ایسے مقابلوں کا انعقاد اپریل 2018 میں جدہ میں ہوا تھا۔
ان مقابلوں کے شرکا میں سے تین افراد ڈبلیو ڈبلیو ای کےساتھ معاہدہ کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔
منصور، حسین الدقل اور فیصل کردی کو امریکی ریاست فلوریڈا کے اورلینڈو میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے ٹریننگ سنٹر میں مکمل تربیت دی گئی تھی۔
واضح رہے کہ ڈبلیو ڈبلیو ای کے سپر شو ڈاؤن کے مقابلوں کا انعقاد 27 فروری کو ریاض بولیوارڈ کے محمد عبدو ہال میں کیا جا رہا ہے جہاں مختلف نوعیت کے مقابلے ہوں گے۔
گذشتہ سال ڈبلیو ڈبلیو ای نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پہلی مرتبہ خواتین ریسلرز کے مابین کراؤن جیول مقابلے کا انعقاد کیا بھی تھا۔
سعودی عرب میں کھیلوں کی خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں