الزعاق کے مطابق آئندہ دو ماہ کے دوران موسمی حالات تین مراحل سے گزریں گے (فائل فوٹو :عرب نیوز)
سعودی عرب کے ماہر موسمیات حسن کرانی نے پیشن گوئی کی ہے کہ پیر کی صبح سعودی عرب میں سرد ہوائیں چلیں گی اور بارش ہوگی۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق حسن کرانی نے ٹوئٹ کیا ’پیر کی صبح سے موسم آہستہ آہستہ تبدیل ہونا شروع ہوگا۔ سرد ہواﺅں کی لہر آئے گی۔ درجہ حرارت 3 تا 6 سینٹی گریڈ تک کم ہوجائے گا‘۔
’سعودی عرب کے بیشتر علاقوں میں تیز ہوائیں چلیں گی اور مطلع ابر آلود ہوگا۔ گرد آلود ہواﺅں سے حد نظر محدود ہوجائے گی اور مختلف مقامات پر برفباری کا بھی امکان ہے جبکہ منگل کو شدید بارش ہو گی۔‘
سعودی ماہر موسمیات اور فلکیاتی علوم کی عرب آرگنائزیشن کے رکن ڈاکٹر خالد الزعاق نے بتایا’ آئندہ 60 روز کے دورا ن سعودی عرب میں چار موسموں کے اتار چڑھاﺅ (سردی گرمی، گردو غبار ، بارش اور معتدل آب و ہوا) ایک دن میں دیکھنے میں آئیں گے‘۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق الزعاق نے ٹو ئٹر پر واضح کیا ہے کہ آئندہ دو ماہ کے دوران موسمی حالات تین مراحل سے گزریں گے۔
پہلا مرحلہ شدید ہواﺅں کا ہوگا۔ اس کا سلسلہ اس ہفتے جاری رہے گا۔ دوسرا مرحلہ وقفے وقفے سے بارش کا آئے گا۔
تیسرا مرحلہ دور دراز مقام پر آنے والے گردو غبار کے طوفان کے حوالے سے ہوگا۔ یہ پہاڑوں کی شکل میں دیکھنے میں آئے گا۔ یہ مرحلہ تین ہفتے کے بعد شروع ہوگا۔
الزعاق کے مطابق آئندہ پیر، منگل اور بدھ کو سعودی عرب کے بیشتر کھلے مقامات پر گردو غبار کے ساتھ تیز ہوائیں چلیں گی۔ خصوصاً مملکت کے شمالی، شمال مشرقی، مشرقی اور وسطی علاقو ں میں گردو غبار والی تیز ہوائیں چلیں گی۔ سردی کا موسم قابل قبول شکل میں چلتا رہے گا۔
الزعاق نے یہ بھی بتایا کہ جازان اور نجران صوبوں کے بعض علاقوں خصوصاً شرورة کمشنری کا موسم مستحکم رہے گا۔ یہاں درجہ حرارت دوپہر کے وقت گرمیوں جیسا ہوگا۔