پاکستان میں کورونا وائرس کے دو کیسز کی تصدیق ہو گئی ہے۔ وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بدھ کو اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’وہ ملک میں کورونا کے دو کیسز کی تصدیق کرتے ہیں تاہم دونوں متاثرہ افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے اور کسی کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔‘
بعد میں وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ کوئٹہ میں ہنگامی نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ ’پاکستان میں کورونا کا پہلا کیس سندھ اور دوسرا وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت 15 مزید مشتبہ کیسز زیر تفتیش ہیں جبکہ اس سے قبل ہم نے 100 مشتبہ افراد کے ٹیسٹ کروائے تھے جو تمام کلیئر پائے گئے۔‘
مزید پڑھیں
-
پاکستانیوں کے ایران جانے پر پابندیNode ID: 460731
-
کورونا: بلوچستان میں پیشگی اقدامات کے لیے مدد طلبNode ID: 461166
-
سرحد بند ہونے سے پاکستانی ڈرائیورز ایران میں پھنس گئےNode ID: 461371
انہوں نے بتایا کہ ’دونوں کیسز میں ایک بات مشترک ہے کہ دونوں افراد حالیہ دنوں میں ایران کا دورہ کر کے آئے تھے۔ دونوں متاثرہ افراد کے اہل خانہ اور ملنے والے دیگر افراد کے بارے میں تفتیش ابھی جاری ہے۔‘
ظفر مرزا نے کہا کہ ’حالات قابو میں ہیں، عوام احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ چین اور ایران کا سفر کر کے آنے والے افراد اپنا چیک اپ ضرور کروائیں، ہماری ہیلپ لائن سے بھی خدمات حاصل کی جا سکتی ہیں۔‘
معاونِ خصوصی کا کہنا تھا کہ ’ہم نے بر وقت اقدامات کیے اور اسی وجہ سے پاکستان خطے کا آخری ملک ہے جہاں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ کورونا وائرس کو روکنے کے لیے ہماری تیاری مکمل ہے اور ہم وہ تمام اقدامات کر رہے ہیں جن سے اپنے شہریوں کو محفوظ رکھ سکیں۔‘
اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا تھا کہ ’کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بلوچستان حکومت پوری تیار ہے۔ صوبائی اور وفاقی حکومتیں، فوج اور دیگر وفاقی ادارے سب گذشتہ ایک ماہ سے معاملات کو دیکھ رہے ہیں۔‘
220/ I can confirm first two cases of corona virus in Pakistan. Both cases are being taken care of according to clinical standard protocols & both of them are stable. No need to panic, things are under control. I will hold press conf tomorrow on return from Taftan.
— Zafar Mirza (@zfrmrza) February 26, 2020
بلوچستان میں سکول بند اور میٹرک امتحانات ملتوی کرنے کا فیصلہ
دوسری جانب بلوچستان کی حکومت نے صوبے کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے اور دینی مدارس 15 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر تعلیم بلوچستان سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ ’کورونا وائرس سے حفاظتی اقدام اور بچوں کے تحفظ کے لیے صوبے کے تمام سرکاری ادارے، مدارس اور نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔‘
سندھ کے سکولوں میں 27 اور 28 فروری کی چھٹی
صوبے میں کورونا کے ایک کیس کی تصدیق کے بعد سندھ حکومت نے 27 اور 28 فروری کو سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
سندھ حکومت نے صوبے بھر کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں جمعرات اور جمعہ (27 اور 28 فروری) کی تعطیل کا اعلان کردیا۔
— Senator Saeed Ghani (@SaeedGhani1) February 26, 2020
صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’صوبے کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے جمعرات اور جمعے کو بند رہیں گے۔‘
اس سے قبل سندھ کے وزیر صحت کی میڈیا کو آرڈی نیٹر میران یوسف نے اردو نیوز کے نامہ نگار بشیر چودھری سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کورونا سے متاثرہ مریض 20 فروری کو ایران سے آئے تھے۔ ان کی عمر 22 سال ہے۔
میران یوسف نے بتایا کہ مریض میں کورونا کی علامات ایران میں ہی سامنے آ گئی تھیں اور وہ بدھ کو خود چل کر آغا خان ہسپتال ٹیسٹ کرانے آئے جن کا نتیجہ مثبت آیا۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ شخص کے ساتھ فلائٹ پر آنے والے دیگر مسافروں کو ٹریس کیا جا رہا ہے تاکہ ان کو الگ تھلگ رکھا جا سکے کیونکہ اس مرض کی علامات 14 دن بعد ظاہر ہوتی ہیں۔

محکمہ صحت سندھ کے ترجمان عاطف حسین نے پاکستان میں پہلے کورونا وائرس کے کیس کی تصدیق کرتے ہوئے اردو نیوز کے نمائندے زبیر علی خان کو بتایا تھا کہ ’ایران سے کراچی بذریعہ ہوائی جہاز سفر کرنے والے شخص میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔‘
عاطف حسین کے مطابق ’ایران سے آئے 22 زائرین کو ایئرپورٹ پر کورونا وائرس کا شک ہونے پر آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے لیکن ان کے ٹیسٹ منفی آنے کے بعد انہیں فارغ کر دیا گیا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’22 سالہ نوجوان کو بخار نہ ہونے کی وجہ سے ایئر پورٹ سے جانے دیا گیا تھا لیکن بعد میں وہ ہسپتال آئے اور کہا کہ ’جب سے سفر کیا ہے تو طبعیت خراب ہے۔ جب ان کے ٹیسٹ لیے گئے تو وہ مثبت آئے ہیں اور اب ان کو آغا خان ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔‘
عاطف حسین کے مطابق ’مریض کے اہل خانہ کے پانچ افراد کو بھی احتیاطاً آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے اور ان کے ٹیسٹ لیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بلوچستان کے سرد علاقوں کے سکول ڈھائی ماہ کی سرمائی تعطیلات کے بعد یکم مارچ کو کھلنا تھے تاہم اب ان کی تعطیلات میں 15 مارچ تک توسیع کر دی گئی ہے جبکہ گرم علاقوں کے تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل جاری تھا۔ صوبائی محکمہ تعلیم کے اعلامیے کے مطابق ’صوبے میں جاری میٹرک کے سالانہ امتحانات کو بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔ امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔‘
واضح رہے کہ پاکستان نے چین میں کورونا وائرس سامنے آنے کے بعد پڑوسی ملک سے فضائی سروس معطل کر دی تھی جبکہ چین میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کو بھی واپس نہیں لایا گیا۔ چین کے بعد گذشتہ ہفتے ایران میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تصدیق ہونے پر پاکستان نے تفتان سرحد پر آمدورفت معطل کی۔
-
واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں