طائف، سعودی خاتون کے ہاں چار بچوں کی پیدائش
شادی کے 5 برس بعد جوڑے کے ہاں چار بچوں کی پیدائش ہوئی ( فوٹو، ٹویٹر)
سعودی عرب کے معروف شہر طائف میں رہنے والی ایک سعودی خاتون کے ہاں پانچ برس بعد بیک وقت چار بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔ ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ زچہ اور تمام بچے مکمل طور پر صحت مند ہیں۔
مقامی ویب نیوز ’سبق ‘ کا کہنا ہے کہ خاتون کی شادی کو 5 برس ہوگئے تھے مگر وہ اولاد سے محروم تھیں۔ جوڑے نے اولاد کے لیے متعدد ڈاکٹروں سے علاج کرایا جس کے بعد ان کے ہاں بیک وقت چار بچوں کی پیدائش ہوئی۔
نومولود بچوں میں ایک بیٹا اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ طائف کے شاہ فیصل میڈیکل کمپلیکس کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ نومولود بچوں کو ابتدائی طور پر انکیوبیٹر میں رکھا گیا تھا جو معمول کے مطابق ہے تاہم تمام بچوں کی صحت بہتر ہے۔
ہسپتال کے عملے کی جانب سے جوڑے کو بیک وقت چار بچوں کے والدین بن جانے پر مبارک باد بھی پیش کی گئی۔
بچوں کے والدین نے ہسپتال انتظامیہ اور ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں اور نرسوں کا شکریہ ادا کیا جنہو ں نے ان کی بہتر طور پر خدمت کی جس کی وجہ سے انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
بچوں کے والدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے ابھی اپنے بچوں کے لیے نام تجویز نہیں کیے۔ خاندان والوں سے مشورہ کرنے کے بعد نام رکھے جائیں گے۔