Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا: ہلاکتیں تین ہزار سے تجاوز کرگئیں

چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس سے دنیا بھر میں ہونے والی اموات کی تعداد تین ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق اٹلی میں وائرس کے باعث 34 ہلاکتیں ہوئی ہیں، جبکہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں اٹلی میں متاثرین کی تعداد دگنی ہو کر 1،694 تک پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب فرانس کے مشہور میوزیم ’لوور‘ کو بھی وائرس کے پھیلنے کے پیش نظر عوام کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
یورپی ممالک میں سے اٹلی میں وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ 1،694 متاثرین میں سے صرف 83 افراد وائرس سے صحت یاب ہوئے ہیں، 34 ہلاک ہوئے جبکہ دیگر کا علاج جاری ہے۔ گزشتہ ہفتے کے اختتام پر اٹلی میں وائرس سے متاثرہ کیسز 888 تھے جو پچھلے 48 گھنٹوں میں دگنے ہو کر 1،694 تک پہنچ گئے ہیں۔ تمام ہلاکتیں اٹلی کے شمالی علاقے لمبارڈی میں واقع ہوئی ہیں۔
یورپی ممالک میں وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد اتوار کو پیرس کا لووور میوزیم عوام کے لیے بند کر دیا گیا۔ میوزیم کے اہلکاروں نے وائرس کے خدشے کے پیش نظر میوزیم کھولنے سے انکار کر دیا تھا۔
’لوور‘ کا شمار دنیا کے مشہور ترین میوزیم میں ہوتا ہے جہاں بڑی تعداد میں سیاح آتے ہیں۔

یورپی ممالک میں اٹلی وائرس سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں 34 ہلاکتیں ہوئیں۔ فوٹو: اے ایف پی

فرانس میں 130 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 2 ہلاک ہو چکے ہیں۔ فرانس نے ان علاقوں میں جہاں وائرس کے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں، پانچ ہزار سے زیادہ افراد کے اکھٹے ہونے اور مذہبی اجتماع پر بھی پابندی عائد کی ہے، جبکہ علاقے میں سکول بھی بند کر دیے ہیں۔
پیر کو چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے مزید 48 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ ہلاک ہونے والے تمام افراد کا تعلق صوبہ ہوبائے سے تھا جہاں سے وائرس کا آغاز ہوا تھا۔
چینی حکام کے مطابق چین میں ہونے والی اموات کی تعداد 2،912 ہو گئی ہے۔ تاہم چین میں وائرس کے متاثرین کی تعداد میں کمی بھی ہو رہی ہے۔
چین کے صوبہ ہوبائے سے شروع ہونے والا وائرس 60 سے زائد ممالک تک پھیل چکا ہے، جبکہ 88،000 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
گزشتہ 48 گھنٹوں میں امریکہ میں بھی وائرس سے دو ہلاکتیں ہوئی ہیں، جبکہ آسٹریلیا میں وائرس سے پہلی ہلاکت اتوار کو رپورٹ کی گئی تھی۔

شیئر: