Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بیبو‘ سوشل میڈیا کی دنیا میں انٹری کے لیے تیار

شوبز انڈسٹری میں کئی سال گزارنے کے باوجود کرینہ کپور سوشل میڈیا سے دور رہیں (فوٹو:سوشل میڈیا)
بالی وڈ کی چنچل اور نٹ کھٹ اداکارہ کرینہ کپور جنہیں انڈسٹری میں بیبو کے نام سے جانا جاتا ہے، سوشل میڈیا کی دنیا میں اینٹری دینے کے لیے تیار ہیں۔
بالی وڈ کے فنکار اپنی فلموں کی وجہ سے تو خبروں میں رہتے ہی ہیں مگر اس کے ساتھ ساتھ گاہے گاہے سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کرتے رہتے ہیں تاکہ ان کے مداح ان کی سرگرمیوں سے متعلق آگاہ رہ سکیں۔
یہی نہیں بلکہ کئی فنکار کسی بھی سماجی یا سیاسی معاملے پر اپنے خیالات کے اظہار کے لیے بھی سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہیں اور اس بہانے وہ اپنے مداحوں کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں۔
مگر شوبز انڈسٹری میں کئی سال گزارنے کے باوجود کرینہ کپور سوشل میڈیا سے دور رہیں۔ یوں تو کرینہ کپور کے نام سے فیس بک، انسٹا گرام اور ٹوئٹر پر کئی پیجز چلائے جارہے ہیں مگر یہ سب ان کے فینز کے بنائے ہوئے ہیں جس پر وہ اکثر بیبو کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے رہتے ہیں۔
کرینہ سے اکثر ان کے سوشل میڈیا سے دوری کی وجہ پوچھی جاتی رہی ہے جس پر انہوں نے ہمیشہ یہی کہا کہ ان کا ماننا ہے کہ اداکار کا سوشل میڈیا پر ہونا ضروری نہیں۔

کرینہ کپور کہتی ہیں کہ ’انسٹاگرام کی دنیا مجھے خوفناک لگتی تھی کیونکہ میں تصاویر اور پوسٹ پر لائکس کی عادت کا شکار نہیں ہونا چاہتی تھی‘ (فوٹو:سوشل میڈیا)

لیکن بیبو کے مداحوں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ اب کرینہ کپور بھی جلد سوشل میڈیا پر نظر آئیں گی۔
انڈیا کے اخبار ’مڈ ڈے‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے کرینہ نے بتایا کہ وہ اپنے ان مداحوں کے لیے سوشل میڈیا جوائن کررہی ہیں جو انہیں 20 سال سے ان کی حمایت اور تعاون کررہے ہیں۔ وہ اپنے فینز کے ساتھ اپنی زندگی کے بارے میں تمام تفصیلات شیئر کریں گی۔
کرینہ پہلے سے موجود اپنی مینجمنٹ ٹیم کی جانب سے چلائے جانے والے ایک انسٹاگرام اکاؤنٹ کو ہی استعمال کریں گی۔
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

Coming soon...

A post shared by Kareena Kapoor Khan (@kareenakapoorkhan) on

انہوں نے مزید کہا کہ ’انسٹاگرام کی دنیا مجھے خوفناک لگتی تھی کیونکہ میں تصاویر اور پوسٹ پر لائکس کی عادت کا شکار نہیں ہونا چاہتی تھی۔‘
کرینہ کپور خان کے نام سے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’جلد آرہا ہے۔‘
بیبو کے اس اعلان کے بعد ان کے مداحوں کی نظریں ان کے انسٹا اکاؤنٹ پر جمی ہیں کہ کب ان کی پسندیدہ اداکارہ اپنی پہلی پوسٹ کریں گی۔

شیئر: