مریض کو کورونا وائرس کے لیے مختص سول ہسپتال کے وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)
سندھ حکومت کے محکمہ صحت نے کراچی کے مزید 8 شہریوں کے کرونا وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق کی ہے سوموار کے دن متاثرہ افراد کی تعداد 9 ہوگئی جب کہ صوبے میں اس بیماری کے مریضوں کی کل تعداد 13 جبکہ پاکستان میں سولہ ہوگئی ہے۔ صوبائی محکمہ صحت کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق’ کرونا وائرس کے 8 نئے مریضوں میں سے 5 افراد شام سے براستہ دوحہ کراچی آئے جبکہ 3 افراد لندن سے براستہ دبئی کراچی پہنچے‘۔
اطلاعات کے مطابق’ گزشتہ دنوں میں کراچی پہنچنے والی دو بین الاقوامی پروازوں کے مسافروں کا چیک اپ کیا گیا تھا۔ شام سے براستہ دوحہ کراچی پہنچنے والی پرواز کے 6 مسافروں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی، جبکہ لندن سے براستہ دبئی کراچی پہنچنے والی پرواز کے 3 مسافروں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے’۔
وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ’ شام سے آئی پرواز کے ایک مسافر نے طبیعت ناسازی پر اپنا چیک اپ کروایا جس کے بعد اس پرواز کے تمام مسافروں کا چیک اپ کیا گیا‘۔
’متاثرہ افراد کو سول ہسپتال اور ڈاؤ یونیورسٹی کے اوجھا کیمپس میں قائم آئسولیشن وارڈز میں منتقل کردیا گیا ہے۔ محکمہ صحت سندھ کی ترجمان میران یوسف کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کے متعلقین کو تلاش کر کے ان کا بھی چیک اپ کیا جائے گا‘۔
وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ ’ائیرپورٹ پہ تمام تر انتظامات موجود ہیں اور مسافروں کی مکمل سکریننگ ہوتی ہے تاہم دوبئی اور یورپ سے آنے والی پروازوں کو اس طرح تفصیل سے چیک نہیں کیا جاتا جیسے چین سے آئی پروازوں کے مسافروں کو کیا جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سوموار کو رپورٹ ہونے والے مریضوں نے 5، 6 مارچ کو کراچی کا سفر کیا تھا‘۔
اس وقت صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کے متاثرہ افراد کی تعداد 13 ہو گئی ہے جس میں سے ایک مریض کو صحتیابی کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے۔