Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تماشائیوں کے بغیر میچز مثبت قدم

فائنل سمیت پی ایس ایل کے آٹھ میچ ہونے باقی ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے تماشائیوں کے بغیر پی ایس ایل میچز کرانے کے فیصلے کے بعد ہونے والے پہلے مقابلے میں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی آج کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں مدمقابل ہوں گے۔
پاکستان میں کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد سندھ حکومت نے کرکٹ بورڈ کو درخواست کی تھی کہ باقی کے چار میچ بغیر تماشائیوں کے کرائے جائیں جس پر یہ قدم اٹھا لیا گیا جسے سوشل میڈیا صارفین نے اسے مثبت اقدام قرار دیا ہے۔
پاکستانی سوشل میڈیا ٹائم لائنز بالخصوص ٹوئٹر کے صارفین نے بغیر تماشائیوں کے پی ایس ایل میچز کے انعقاد کے فیصلے کو نہ صرف سراہا بلکہ دنیا میں ہونے والے ایسے دیگر فیصلوں کی مثالیں دے کر اسے درست اور بروقت بھی ثابت کیا۔
مدثر نامی صارف نے پی ایس ایل میچز کے متعلق اقدام کو ’بالآخر درست فیصلہ‘ قرار دیتے ہوئے مثال دی کہ خواتین ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل دیکھنے والی ایک تماشائی میں کورونا وائرس مثبت پایا گیا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی ویمن ورلڈ کپ فائنل کی میزبانی کرنے والے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ کی جانب سے واقعے کی تصدیق کی گئی تھی۔ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں ایم سی سی کا کہنا تھا ’ہمیں علم ہے کہ آٹھ مارچ کو منعقدہ آئی سی سی ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل دیکھنے والے ایک تماشائی میں کورونا وائرس پایا گیا ہے۔

متعدد صارفین نے موٹر سپورٹس، مکس مارشل آرٹ اور باسکٹ بال کے مختلف مقابلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کورونا وائرس کے پیش نظر کیے گئے اقدامات سے متعلق تفصیلات شیئر کیں۔
ظہور رضا نامی صارف نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ’این بی اے میچز ملتوی کر چکا، فارمولا ون تماشائیوں کے بغیر ہو رہی ہے۔ یو ایف سی خبیب، فرگوسن کی فائٹ کو آگے بڑھا رہا ہے۔

سندھ حکومت کی تجویز پر پی سی بی کے فیصلے سے قبل کرکٹ شائقین کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ پی ایس ایل کو منسوخ نہ کیا جائے اور تماشائیوں کے بغیر انعقاد کی کوشش کی جائے۔

فیصلے کا اعلان ہوا تو سوشل میڈیا صارفین نے سندھ میں سکولز بند رکھنے اور تماشائیوں کے بغیر میچوں کے انعقاد کو سراہا۔ محمد ضمیر اسدی نامی صارف نے توقع ظاہر کی کہ عوام کی حفاظت کے پیش نظر مزید اقدامات کیے جائیں گے۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے تماشائیوں کے بغیر پی ایس ایل میچز کے فیصلے پر کہا تھا کہ لیگ کے لاہور میں آئندہ میچز کے حوالے سے پی سی بی، پنجاب حکومت سے رابطے میں ہیں اور اس حوالے سے صوبائی حکومت کی ہدایات پر مکمل عمل کیا جائے گا۔
سپورٹس جرنلزم سے وابستہ ٹوئٹر صارف عتیق الرحمٰن نے اپنی ایک ٹویٹ میں لاہور میں ہونے والے پی ایس ایل کے بقیہ میچز بھی تماشائیوں کے بغیر کرانے کا امکان ظاہر کیا۔
قبل ازیں پی سی بی نے اعلان کیا تھا کہ ٹکٹوں کی واپسی پی سی بی کی ری فنڈ پالیسی کے مطابق ہوگی۔

پی ایس ایل 2020 پوائنٹس ٹیبل پر 13 مارچ کو ٹیموں کی پوزیشن

آج جمعہ کو ہونے والے مقابلے سمیت کراچی میں پی ایس ایل کے چار میچز ہونے ہیں۔17 مارچ کو پلے آف مرحلے کے پہلے مقابلے سے قبل 15 مارچ کو لاہور اور ملتان جب کہ 14 مارچ کو کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ مدمقابل ہوں گے۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: