مریضوں میں سے 38 مرد اور 48 خواتین ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی وزارت صحت کےمطابق ملک میں نئے کورونا وائرس کے مزید 24 کیس ریکارڈ پر آئے ہیں۔ رجسٹرڈ مریضوں کی تعدادبڑھ کر 86 ہوچکی ہے-
ان میں سے 38 مرد اور 48 خواتین ہیں۔ ان کی اوسط عمر 49 برس ہے۔ ان میں دو بچے بھی شامل ہیں-
مریضوں میں 33 سعودی اور 53 غیر ملکی ہیں۔ غیر ملکیوں میں 48 کا تعلق مصر، دو بحرین، ایک امریکہ، ایک لبنان اور ایک بنگلہ دیش سے ہے-
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت نے اپنے بیان میں بتایا کہ ’کورونا کے بیشتر مریض بیرون مملکت سے سفر کرکے سعودی عرب پہنچے تھے یا کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک سے گزرنے کی وجہ سے مرض میں مبتلا ہوئے-
ایسے مریضوں کی تعداد 73 ہے جبکہ دیگر 13 افراد کورونا کے مریضوں سے ملنے ملانے سے اس مرض میں مبتلا ہوئے-
وزارت صحت نے بتایا کہ کورونا کا ایک مریض صحت یاب ہوچکا ہے۔ کورونا کے تمام مریضوں کو الگ تھلگ رکھا گیا ہے۔ ان کی انتہائی نگہداشت ہورہی ہے-
سب کی حالت تسلی بخش ہے اور تمام خطرے سے باہر ہیں۔ ایک مریض انتہائی نگہداشت میں ہے اور وہ خطرے میں ہے۔
وزارت صحت نے بیان میں کہا کہ ’مملکت بھر میں کورونا وائرس سے بچاؤ کی کوششیں اعلیٰ درجے کی ہیں۔ ہوائی اڈو، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں سے آنے والے چھ لاکھ 4 ہزار سے زیادہ مسافروں کا طبی معائنہ کیا جاچکا ہے۔‘
4800 سے زیادہ مشکوک افراد کا نیشنل لیباریٹری کے ذریعے ٹیسٹ لیا گیا ہے- ان میں صرف 86 کورونا میں مبتلا پائے گئے-
عاجل ویب کے مطابق مملکت میں کورونا کے سب سے زیادہ مریضوں کا تعلق مصر سے ہے۔ کورونا کے دس مریض ایران گئے تھے جو بحرین، کویت، عمان اور امارات کے راستے سعودی عرب پہنچے۔ عراق سے واپس آنے والے نو مریض ریکارڈ پر آئے ان میں بیشتر خواتین ہیں۔
چوتھا نمبر ترکی کا ہے جہاں سے کورونا کے دو مریض آئے۔ امریکہ سے ایک امریکی شہری فلپائن اور اٹلی سے ہوتے ہوئے سعودی عرب پہنچا تھا-