نربھیا کیس کے مجرموں کو آج پھانسی
جمعرات 19 مارچ 2020 15:35
اس واقع میں ایک نو عمر شخص سمیت چھ افراد ملوث تھے۔ فائل فوٹو
دہلی میں 2012 میں ایک لڑکی نربھیا کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والے چار مجرموں کو عدالت کے فیصلے کے تحت جمعے کو پھانسی دے دی جائے گی۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی نے دہلی کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ چاروں مجرموں کی پھانسی روکنے کی درخواست مسترد کر دی گئی ہے اور انہیں انڈین وقت کے مطابق جمعے کو صبح ساڑھے پانچ بجے سزائے موت کے فیصلے پرعمل درآمد کرتے ہوئے پھانسی دے دی جائے گی۔
چاروں مجرموں 31 سالہ اکشے ٹھاکر، 25 سالہ پون گپتا، 26 سالہ ونے شرما اور 32 سالہ مکیش سنگھ نے اپنی سزا روکنے کے لیے یہ کہہ کر درخواست دائر کی تھی کہ ان کے پاس قانونی طور پر کچھ گنجائش باقی ہے۔
تاہم پبلک پراسیکیوٹر عرفان احمد نے عدالت کو بتایا کہ مجرموں کے پاس کوئی گنجائش نہیں جبکہ پون گپتا اور اکشے ٹھاکر کی دوسری درخواستیں بھی انڈیا کے صدر نے مسترد کر دی تھیں۔
سپریم کورٹ نے مکیش سنگھ کی دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست مسترد کر دی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ جرم کے وقت دہلی میں موجود ہی نہیں تھا۔
اس سے قبل مجرموں کی درخواستوں کی وجہ سے پھانسی کی تین تاریخیں گزر چکی ہیں۔
واضح رہے کہ 16 دسمبر 2012 کو دہلی میں ایک چلتی بس کے اندر ایک 23 سالہ لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی جس کے بعد اسے سڑک پر پھینک دیا گیا۔ اس واقعے کے بعد لڑکی کا انتقال ہوگیا تھا۔
اس جرم میں ایک نو عمر شخص سمیت چھ افراد ملوث تھے۔