سعودی حکومت حالات کے مطابق فیصلے کرتی ہے(فوٹو ، سوشل میڈیا)
وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ سعودی حکومت نے نئے کورونا وائرس سے ہونے والے نقصانات کی تلافی کے لیے احتیاطی تدابیر کرتے ہوئےتقریباً 50 ارب ریال (13.3ارب ڈالر) کے اخراجات کم کرلیے۔
سعودی خبررساں ادارے’ ایس پی اے‘ کے مطابق وزیر خزانہ و اقتصاد و منصوبہ بندی نے بتایا کہ سعودی عرب کورونا کی عالمی وبا سے رونما ہونے والے اقتصادی حالات، عالمی شرح نمو میں زبردست کمی اور تیل منڈی پر اس کے منفی اثرات کو مدنظررکھتے ہوئے خصوصی اقدامات کررہا ہے۔ تیل کے نرخوں میں کمی سے نمٹنے کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ’سعودی عرب نے سرکاری اداروں کے تحفظ اور انہیں اپنا کام جاری رکھنے کے لیے ضروری بجٹ فراہم کیا ہے تاکہ کورونا کی وبا سے بہتر طور پرنمٹا جاسکے۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ سعودی حکومت کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے، متاثرہ افراد کے علاج اور تمام شہریوں و مقیم غیر ملکیوں کو اس سے بچانے کے لیے مطلوبہ صحت خدمات فراہم کرنے کی خاطر اضافی بجٹ فراہم کرے گی۔
الجدعان نے کہا کہ حکومت نے ایسے سماجی و اقتصادی شعبوں سے تعلق رکھنے والی بعض سرگرمیوں میں جزوی کٹوتی کی ہے۔ تقریباً 50 ارب ریال کے اخراجات کم کیے گئے ہیں۔ یہ قومی بجٹ 2020میں منظور شدہ مجموعی اخراجات کا پانچ فیصد سے بھی کم ہیں۔
وزیر خزانہ نے اطمینان دلایا کہ کورونا وائرس سے رونما ہونے والی تازہ صورتحال اور اس سے پیدا ہونے والے مسائل کا پابندی سے جائزہ لیا جاتا رہے گا۔ جیسی صورتحال ہوگی اسی کے لحاظ سے مناسب فیصلے کیے جائیںگے۔ حکومت اپنی مالیاتی و اقتصادی کارکردگی کو بہتر بنانے کی پالیسی پر گامزن رہے گی۔