Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف پاکستان پہنچ گئے

شہباز شیریف کے مطابق ’پاکستان کا فضائی آپریشن بند ہوا تو نواز شریف نے کہا کہ آپ پاکستان جائیں۔‘
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف لندن سے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
 شہبازشریف پی آئی اے کی پرواز پی کے786 سے اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچے۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، مریم اورنگزیب  عطا تارڑ اور شیخ انصر عزیز نے  ان کا استقبال کیا۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نواز شریف کی طبعیت خراب تھی وہاں اس لیے ٹھہرا تھا کہ ان کا دل کا آپریشن ابھی ہونا باقی ہے۔ ان کے معالج چھٹی پر تھے اب آگئے ہیں۔

 

انھوں نے کہا کہ پاکستان اور قوم بڑے امتحان سے گز ر رہی ہے۔ پاکستان کا فضائی آپریشن بند ہوا تو نواز شریف نے کہا کہ آپ پاکستان جائیں۔
 نواز شریف کی مشاورت سے بطور ایک رضاکار واپس آیا ہوں۔ نواز شریف کےعلاج کی غرض سےساتھ گیا تھا اور نوازشریف کی قیادت میں ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کیا۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آزمائش کے وقت قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ کورونا وائرس کی وبا جس کو آفت کہوں گا اس کا قوم کے ساتھ مل کر مقابلہ کریں گے۔  ’نواز شریف کا میرا اور ہمارے خاندان کا مرنا جینا اس ملک کے ساتھ ہے۔ نواز شریف کا بھی یہی پیغام ہے کہ قوم متحد رہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی لیڈر شپ میں ماضی میں بھی ہم نے ایک ٹیم کے طور ہر کام کیا۔ اب بھی پارٹی اور عوام کے ساتھ مل کر اس مشکل میں کام کریں گے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور ہمارے خاندان کا مرنا جینا اس ملک کے ساتھ ہے۔

بعد میں شہباز شریف اسلام آباد سے لاہور روانہ ہو گئے۔
لیگی راہنما عطا تارڑ کے مطابق شہباز شریف کے لیے لاہور میں ان کی رہائش گاہ پر قرنطینہ کا بندوبست کردیا گیا ہے۔ وہ لاہور میں ایس او پی کے مطابق اپنے گھر میں آئسولیشن میں رہیں گے۔

شیئر: