سعودی عرب اب تک 84 سے زائد ممالک کو 92 ارب ڈالر کے عطیات دے چکا ہے(فوٹو،ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ شاہ سلمان کی صدارت میں جی ٹوئنٹی کے سربراہ اجلاس نےپوری دنیاکو یہ پیغام دیا ہے کہ مملکت کی نظرمیں انسانیت کا مقام سب سے بالاتر ہے-
عاجل ویب سائٹ کے مطابق وزیر خارجہ نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’ہم ریاض سے پوری دنیا کو یہ پیغام دے رہے ہیں کہ کورونا پر فتح یاب ہونے اور اس خطرے پر قابو پانے کے لیے ہم سب کو ملکر جدوجہد کرنا ہوگی‘-
وزیر خارجہ نے توجہ دلائی کہ شاہ سلمان نے نیو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے عالمی ادارہ صحت کو 10 ملین ڈالر کا عطیہ پیش کرکے دنیا بھر کے سامنے ایک مثال پیش کی ہے-
وزیر خارجہ نے بتایا کہ عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور دنیا بھر کی صحت و سلامتی کی خاطرعطیےپر جمعرات کو شاہ سلمان کا شکریہ ادا کیا-
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ سعودی عرب 1996 سے لیکر اب تک 84 سے زیادہ ملکوں کو 92.4 ارب ڈالر سے زیادہ کے عطیات دےچکا ہے۔
شاہ سلمان امدادی مرکز و انسانی خدمات 2015 میں اپنے قیام کی تاریخ سے لیکر اب تک 44 سے زیادہ ملکوں میں 1057 سے زیادہ منصوبے ساڑھے تین ارب ڈالر کی لاگت سے 168 شرکا کے تعاون سے انجام دے چکا ہے-