شاہ سلمان کا چینی صدر اور اطالوی وزیراعظم سے رابطہ
شاہ سلمان کا چینی صدر اور اطالوی وزیراعظم سے رابطہ
جمعہ 27 مارچ 2020 20:42
شاہ سلمان نے کورونا سے نمٹنے کی عالمی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا (فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے فرمانروا خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جمعہ کو چینی صدر اور اٹلی کے وزیر اعظم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔
شاہ سلمان نے دونوں رہنماؤں سے نئے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا-
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شاہ سلمان نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے انتھک جدوجہد اور کامیابی ملنے پر چینی صدر کو مبارک باد دی-
شاہ سلمان نے کہا کہ ’چینی صحت کے اداروں نے کورونا بحران سے نمٹنے کے سلسلے میں منفرد تجربہ کیا ہے اور چین کا یہ کارنامہ قابل تحسین ہے۔'
’چین کے اس منفرد تجربے سے کورونا کی وبا پر قابو پانے کے سلسلے میں ساری دنیا کو فائدہ پہنچے گا۔ٌ
چینی صدر نے سعودی عرب اور چین کے مضبوط تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا -انہوں نے کورونا بحران کی ابتدا میں چین کی طرف تعاون کا ہاتھ بڑھانے پر سعودی عرب کے جذبے کو سراہا۔
چینی صدر نے اطمینان دلایا کہ بیجنگ کورونا کی وبا پر قابو پانے پر مامور سعودی عرب کے صحت اداروں کے ساتھ ہر طرح سے تعاون کرے گا-
چینی صدر نے جی 20 کے اجلاس کے سربراہ کی حیثیت سے قائدانہ کردار ادا کرنے اور اس کے ہنگامی سربراہ اجلاس کو کامیاب بنانے کے لیے غیر معمولی جدوجہد پر سعودی عرب کے فرمانروا کے کردار کی تعریف کی۔
اس کے علاوہ شاہ سلمان نے جمعہ کو ہی اٹلی کے وزیراعظم سے بھی ٹیلی فونک رابطہ قائم کیا-
شاہ سلمان اور اٹلی کے وزیر اعظم نے اس موقع پر اس امید کا اظہار کیا کہ نئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور اس کے نقصانات کو روکنے کے سلسلے میں جی 20 کی پالیسیاں اور مشن کامیابی سے ہمکنار ہوگا-
شاہ سلمان نے اٹلی کے وزیر اعظم کو یقین دلایا کہ’ سعودی عرب کو نئے کورونا وائرس کے اٹلی میں پھیلاؤ کی تازہ صورت حال پر تشویش ہے۔'
’آزمائش کی اس گھڑی میں سعودی عرب کے عوام اٹلی کےساتھ کھڑے ہیں۔'
اٹلی کے وزیر اعظم نے اپنے ملک اور عوام کے ساتھ انسانیت نواز جذبات کے اظہار پر شاہ سلمان کا شکریہ ادا کیا۔
اٹلی کے وزیراعظم نے کہا کہ 'جی 20 ممالک کا ہنگامی سربراہ اجلاس کامیاب رہا اور اس کے اہم نتائج سے پوری دنیا فائدہ حاصل کرے گی‘-