پریانکا اور نک کام کی وجہ سے زیادہ وقت سفر میں رہتے ہیں (فائل فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وڈ کی نامور اداکارہ پریانکا چوپڑا اور ان کے شوہر امریکی گلوکار نک جونس اپنے مصروف شیڈول کی وجہ سے اکثر ایک دوسرے سے دور اور سفر میں ہوتے ہیں۔ تاہم کچھ اقدامات ایسے ہیں جن سے وہ اپنی شادی شدہ زندگی میں توازن برقرار رکھتے ہیں۔
حال ہی میں ایک برطانوی جریدے 'ٹیٹلر' کو دیے گئے ایک انٹرویو میں پریانکا چوپڑا نے بتایا کہ پہلے تو وہ دونوں یہ کوشش کرتے ہیں کہ وہ دو یا تین ہفتے سے زیادہ ایک دوسرے سے ملے بغیر نہ رہیں۔ 'یہ ایک اصول (بن گیا) ہے۔'
ان کا کہنا تھا کہ ایسا کرنا مشکل ہوتا ہے لیکن اپنے تعلق کو برقرار رکھنے کے لیے محنت کرنا ہوتی ہے اور اسے ترجیح دینا ہوتی ہے۔
بچوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے بریانکا نے بتایا کہ رواں سال ان کے لیے بہت مصروف ہے تاہم بچے ہونا ان کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ 'جب بھی خدا کی مرضی اور صحیح وقت ہوگا وہ چاہیں گی کی ان کے بچے ہوں۔'
پریانکا چوپڑا اور نک جونس 2018 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔
ان کی شادی کی انڈیا کے شہر جودھپر میں دو تقریبات ہوئی تھیں۔ پہلی تقریب انگریزوں کے روایتی طرز پر ہوئی جبکہ دوسری ہندو رسم و رواج کے ساتھ انجام دی گئی تھی۔