Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی اداکار تھائی لینڈ میں محصور، حکومت سے مدد کی اپیل

معروف پاکستانی اداکار شمعون عباسی، محب مرزا اور صنم سعید سمیت شوبز انڈسٹری سے وابستہ 21 افراد فلائیٹ آپریشن بند ہونے کی وجہ سے کئی دنوں سے تھائی لینڈ میں پھنسے ہوئے ہیں اور حکومت سے اپیل کر رہے ہیں کہ انہیں واپس لایا جائے۔
یہ تمام افراد محب مرزا کی آنے والی فلم ’عشرت میڈ ان چائنہ‘ کی شوٹنگ کے سلسلے میں فروری سے تھائی لینڈ میں تھے اور انہوں نے 23 مارچ کو پاکستان واپس آنا تھا۔
لیکن کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے نتیجے میں دنیا بھر میں فلائیٹ آپریشن بند ہونے کے بعد یہ تمام افراد وہیں محصور ہوگئے ہیں۔

 

پروڈکشن ٹیم کے رکن احسن رضا فردوسی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ان کی ٹیم اس وقت تھائی لینڈ کے مغربی علاقے میں دریائے کوائی کے قریب کنچنابوری کے علاقے میں ہے۔ ’یہ بینکاک سے تقریباً تین گھنٹے کی مسافت پر ہے۔‘
احسن رضا کا کہنا تھا کہ وہ لوگ فلم کی شوٹ کے سلسلے میں تھائی لینڈ آئے تھے اس وقت اندازہ نہیں تھا کہ صورتحال اس قدر بگڑ جائے گی۔
’ہماری واپسی کی فلائٹ 23 مارچ کو تھی لیکن 21 مارچ سے ہی آپریشن معطل ہوگیا۔ اس وقت کوئی بھی پرواز نہیں جو پاکستان جائے۔‘
’ہماری پروڈکشن ٹیم کے تمام ارکان خود حفاظتی طور پہ قرنطینہ میں رہ رہے ہیں، ہمارے پاس پروڈکشن کا کافی سامان ہے جسے منتقل کرنے کے لیے بھی آمدورفت درکار ہوگی۔‘
احسن کا مزید کہنا تھا کہ تھائی لینڈ میں لاک ڈاؤن ہے، ایسے میں ان کے گھر والے بھی ان کی حفاظت کے لیے خاصے پریشان ہیں۔
اداکار شمعون عباسی نے اپنے وڈیو بیان میں بتایا کہ واپسی میں تاخیر کی وجہ سے خرچہ بڑھ رہا ہے اور ان کے وسائل کم ہو رہے۔

تمام افراد محب مرزا کی آنے والی فلم ’عشرت میڈ ان چائنہ‘ کے سلسلے میں فروری سے تھائی لینڈ میں تھے (فوٹو: سوشل میڈیا)

ان کا کہنا تھا کہ پہلے پہل 4 اپریل تک فلائیٹ آپریشن معطل ہوا تھا لیکن اب اس بندش میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے جس سے ان کی پریشانی بڑھ گئی ہے۔
’حکومت پاکستان نے انگلینڈ، کینیڈا اور دیگر ممالک کے لیے فلائیٹس کا اعلان کیا ہے، تاہم اس میں تھائی لینڈ میں محصور لوگوں کی داد رسی کا کوئی تذکرہ نہیں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی ٹیم کے تمام افراد صحت مند ہیں اور وطن واپسی پہ قرنطینہ کے تمام پروٹوکول پورے کرنے کو تیار ہیں۔
وزیرِ اعظم، وزیرِ خارجہ اور تمام پاکستانیوں سے اپیل کرتے ہوئے شمعون عباسی کا کہنا تھا کہ ان سمیت 100 سے زائد پاکستانی تھائی لینڈ میں محصور ہیں، حکومت اور پی آئی اے انہیں واپس لے جانے میں کردار ادا کرے۔
شمعون عباسی کا کہنا تھا کہ فل حال تھائی لینڈ کی فضائی حدود بند نہیں، لیکن کوئی بھی ایئرلائن پاکستان کے لیے پرواز نہیں کر رہی۔ اس صورتحال میں قومی ایئرلائن دیگر ملکوں کی طرح تھائی لینڈ میں پھنسے پاکستانیوں کی مدد کو بھی آئے۔
احسن رضا نے بتایا کہ انہوں نے تھائی لینڈ میں پاکستانی سفارت خانے سے بھی رابطہ کیا ہے تاہم ابھی تک ان کی جانب سے کوئی مثبت اور حوصلہ افزا جواب نہیں ملا۔
 ان کا کہنا تھا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ان کی ٹیم کے وسائل ختم ہو رہے ہیں اور اگر انہیں جلدی واپس نہ لایا گیا تو صورتحال خاصی بگڑے گی۔
  • واٹس ایپ پر پاکستان کی خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: