Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر ڈاکٹر کی خود کشی

خودکشی سے پہلے ڈاکٹر نے ایک نوٹ چھوڑا جس میں لکھا تھا کہ ان کو ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
دنیا میں لاکھوں افراد ایسے ہیں جو کورونا وائرس کے مرض میں مبتلا ہونے کے بعد تندرست ہوئے ہیں، اور بہت سارے ایسے بھی ہیں جن کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ان پر کوئی علامات بھی ظاہر نہیں ہوئیں۔ اس بات کو ایک ڈاکٹر سے زیادہ کون سمجھ سکتا ہے، لیکن فرانس میں ایک فٹ بال کلب کے ڈاکٹر نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر خود کشی کر لی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فرانس کے لیگ ون کے کلب ریمس میں اتوار کو سوگ کا سماں تھا کیونکہ کلب کے دیرینہ ڈاکٹر برنارڈ گونزالیز نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر خودکشی کر لی تھی۔
کلب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ریمس برنارڈ گونزا لیز کی موت پر دکھی ہے۔’
’برنارڈ کی موت پر نہ صرف کلب بلکہ ریمس کے سینکڑوں مرد اور خواتین بھی افسردہ ہیں۔‘
اے ایف پی کی جانب سے ریمس کے میئر ارناڈ روبینٹ سے جب رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ انہیں60  سالہ ڈاکٹر کی خود کشی کے بارے میں بتایا گیا ہے۔’ ڈاکٹر گونزالیز اس کلب کے ساتھ گذشتہ 20 سال سے وابستہ تھے۔‘
میئر کے مطابق ’مجھے بتایا گیا کہ ڈاکٹر گونزالیز نے خود کشی سے پہلے ایک نوٹ چھوڑا جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔‘
ایک طبی ذریعے نے بھی اس نوٹ کی موجودگی کی تصدیق کی مگر ان کا کہنا تھا کہ دو دن پہلے تک ڈاکٹر گونزا لیز صحت مند نظر آرہے تھے۔
روبنٹ کا کہنا تھا کہ انہیں ڈاکٹر کی موت کا سن کر بہت زیادہ دکھ ہوا کیونکہ وہ ان کو کئی سالوں سے جانتے تھے۔ ’وہ نہ صرف کلب کے ڈاکٹر تھے بلکہ ریمس میں کئی ایک کے ذاتی معالج بھی تھے۔ وہ اپنے انسانی اطوار اور پیشہ ورانہ مہارت کے لیے مہشور تھے۔‘

 فرانس میں کورونا وائرس کی وبا سے اب تک نو ہزار کے قریب لوگ ہلاک ہو چکے ہیں (فوٹو: سوشل میڈیا)

ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر گونزالیز کو نہ صرف ان کی فٹ بال فیملی بلکہ وہ تمام لوگ جو ان سے کبھی ملے تھے یاد رکھیں گے۔
ریمس کلب کے صدر جین پیری کیلوٹ کا کہنا تھا ڈاکٹر کی موت کی خبر سن کر وہ حیران رہ گئے۔ ’اس وبا نے ریمس کو بری طرح ہٹ کیا ہے۔ ایک عظیم انسان اور عظیم پروفیشل ہمیں چھوڑ کر چلے گئے۔‘
خیال رہے فراس میں کورونا وائرس کی وبا سے اب تک نو ہزار کے قریب لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔

شیئر: