Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بحریہ ٹاؤن کے 19 سکیورٹی گارڈز میں کورونا کی تصدیق

'تمام سکیورٹی گارڈز کی حالت ابھی تک خطرے سے باہر ہے' (فوٹو: بحریہ ٹاون ڈاٹ کام)
پاکستان کے سب سے بڑے ریئل اسٹیٹ کے ادارے بحریہ ٹاون کے 19 سکیورٹی گارڈز میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی یے۔
اردو نیوز کو موصول ہونے والی سرکاری دستاویزات کے مطابق تمام گارڈز کی رپورٹ اتوار 5 اپریل کو مثبت آئی جس کے بعد انہیں لاہور کے ایکسپو سنٹر میں واقع قرنطینہ سنٹر میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
قرنطینہ میں لائے گئے ایک سکیورٹی گارڈ زاہد علی (فرضی نام) نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ 'کچھ دن پہلے لاہور میں بحریہ ٹاؤن کے تمام سکیورٹی گارڈز کے نمونے لیے گئے اور کل (اتوار) جب نتائج آئے تو تقریباً سبھی گارڈز کے کورونا کے نتائج مثبت آئے۔ اس کے بعد ہمیں یہاں ایکسپو سنٹر میں لایا گیا۔'
ایکسپو سنٹر میں ڈیوٹی دینے والے ایک طبی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ تمام سکیورٹی گارڈز کی حالت ابھی تک خطرے سے باہر ہے اور انہیں مکمل آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ بحریہ ٹاون لاہور میں رہنے والے کئی افراد میں کورونا وائرس پایا گیا ہے اور انہیں قرنطینہ میں رکھا گیا ہے تاہم ان کی شناخت نہیں بتائی جا سکتی۔'
دوسری طرف اردو نیوز نے بحریہ ٹاؤن کی انتظامیہ سے رابطہ کرنے کوشش کی تو ملک ریاض کی پرسنل سیکرٹری نے کہا کہ انہیں اس بابت کوئی علم نہیں کہ کسی سکیورٹی گارڈ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں اس وقت کورونا کے کنفرم مریضوں کی تعداد ایک بزار آٹھ سو 16 ہو چکی ہے۔ جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں متاثرہ افراد کی تعداد 291 ہے۔

شیئر: