انڈیا: 'امیر ترین' بینکر پورا سال صرف ایک روپیہ تنخواہ لیں گے
انڈیا: 'امیر ترین' بینکر پورا سال صرف ایک روپیہ تنخواہ لیں گے
جمعہ 10 اپریل 2020 18:58
بینک کی اعلیٰ انتظامیہ نے بھی تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
انڈیا کے امیر ترین مانے جانے والے بینکر اُدے کوٹک مہندر نے کہا ہے کہ وہ مالی سال 21-2020 کی اپنی پوری تنخواہ لینے کے بجائے پورے سال کے لیے صرف ایک روپیہ لیں گے۔
انڈین میڈیا نے کوٹک مہندر بینک کی انتظامیہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا بتایا ہے کہ بینک کے باقی اعلیٰ حکام نے بھی رضاکارانہ طور پر 21-2020 میں ملنے والی تنخواہ میں سے 15 فیصد کم لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
بینک انتظامیہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنی زندگیاں اور روزی بچانے کی کوشش میں ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ معیشت کی بحالی کا انحصار مالیاتی شعبے کی مضبوطی پر ہے۔
یہ اعلان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب کورونا وائرس کے پیش نظر ہونے والے لاک ڈاؤن کی وجہ سے انڈیا کی معیشت خطرے سے دوچار ہے۔
کوٹک بینک انڈیا میں کورونا وائرس کے متاثرین کی مدد کے لیے 25 کروڑ روپے دینے کا اعلان کر چکی ہے۔
خیال رہے کہ انڈیا میں بھی کورونا کی وجہ سے ملک گیر لاک ڈاؤن جاری ہے اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس سے لڑنے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ایک طرف مختلف شوبز اور کاروباری شخصیات غریبوں اور ضرورت مند افراد کی مدد کر رہی ہیں تو دوسری طرف مختلف ریاستوں کی حکومتیں اپنے اپنے طور پر مختلف طرح کے اقدامات کر رہی ہیں۔
قبل ازیں دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی اعلان کیا تھا کہ طبی عملے کے وہ ممبران جو کورونا وائرس سے لڑتے ہوئے ہلاک ہو جائیں ان کے خاندانوں کو ایک کروڑ روپے دیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ 'ڈاکٹروں کے لیے فائیو سٹار ہوٹلز سے کھانے منگوانے کا بندوبست کیا گیا ہے اور جو گھر نہیں جا سکتے ان کے لیے فائیو سٹار ہوٹلز میں رہنے کا انتظام بھی موجود ہے۔'