مشرقی ریجن کے 80 فیصد لیبر کیمپ سکولوں میں منتقل کرنے کا فیصلہ
’لیبر کیمپوں میں ازدحام کی وجہ سے معاشرتی فاصلہ رکھنا ممکن نہیں‘ ( فوٹو: الاقتصادیہ)
مشرقی ریجن میونسپلٹی نے مزدوروں کے 80 فیصد رہائشی کیمپ عارضی طور پر سکولوں میں منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
کورونا وائرس کے انسداد کے لیے جاری کوشش اور سخت احتیاطی تدابیر کے پیش نظر ریجن کے 80 فیصد لیبر کیمپ خالی کرالیے جائیں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مشرقی ریجن کے میئر انجینئر فہد بن محمد الجبیر نے کہا ہے کہ ’مشرقی ریجن کے محکمہ تعلیم سے بات چیت کے بعد فیصلہ ہوا ہے کہ لیبر کیمپوں میں رہنے والے مزدوروں کو عارضی طور پر سکولوں میں رہائش فراہم کی جائے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’لیبر کیمپوں میں یہ بات نوٹ کی گئی ہے کہ وہاں رہائشیوں کا ازدحام ہے جس کے باعث معاشرتی فاصلہ رکھنا ممکن نہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’کیمپوں میں مزدوروں کا ازدحام ، میل ملاپ اور قریب رہنے کی وجہ سے کورونا وائرس پھیلنے کے امکانات زیادہ ہیں‘۔
انہوں نے بتایا ہے کہ ’محکمہ تعلیم نے ہمیں دمام شہر میں فوری طور پر 15 سکول دیے ہیں جنہیں مزدوروں کی عارضی رہائش میں تبدیل کیا جا رہا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’مذکورہ سکولوں میں صفائی اور جراثیم کش ادویہ کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ یہاں مزدوروں کی رہائش کے لیے ضروری تبدیلیاں کی جارہی ہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’سکولوں میں رہنے والے مزدوروں میں ماسک، دستانے اور سینیٹائزر کے علاوہ احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے گا‘۔
-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں