Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مہمانوں کی شادی میں شرکت مگر اپنے اپنے گھروں سے

دلہا اور دلہن نے 500 مہمانوں کے لیے استقبالیے کا اہتمام کرنا تھا (فوٹو: روئٹرز)
انڈونیشیا کے محمد نورجمان اور ودیا باہری کے لیے ان کی شادی کا مطلب ان کی زندگی کا سب سے اہم دن ہے۔ انڈونیشیا میں کسی بھی جوڑے کی شادی کی تقریب میں سینکڑوں افراد شرکت کرتے ہیں۔
تاہم کورونا وائرس کی وبا نے مذکورہ جوڑے کو اپنا پلان تبدیل کرنے پر مجبور کر دیا اور ان کی شادی کی تقریب جمعے کو ہوئی جس میں ان کے خاندان کے قریبی صرف آٹھ افراد شریک ہو سکے۔
اس میں اہم بات یہ ہے کہ ان کے دیگر رشتہ داروں اور دوستوں نے شادی کی 40 منٹ کی یہ منفرد تقریب اپنے گھروں پر براہِ راست دیکھی۔
اگرچہ انڈونیشیا میں سرکاری طور پر اجتماعات پر پابندی عائد نہیں تاہم حکام نے لوگوں کو اس حوالے سے متنبہ ضرور کیا ہے تاکہ ملک میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
انڈونیشیا میں اب تک کورونا وائرس سے 3 ہزار 512 افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 306 ہے۔
محمد نورجمان کی شادی کی تقریب انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ کے قریبی علاقے تنگررنگ میں منعقد ہوئی۔ 31 سالہ نور جمان کا کہنا ہے کہ 'اگر آپ پوچھیں گے کہ کیا ہمیں مایوسی ہوئی تو یقیناً ہمیں مایوسی ہوئی ہے۔'
'لیکن ہمیں صورت حال کی سنگینی کا ادراک کرنا چاہیے، ہمیں حقیقت کو تسلیم کرنا چاہیے۔'  
نورجمان اور ودیا باہری میں دو برس سے دوستی تھی اور وہ ایک دوسرے سے مل رہے تھے اور گذشتہ برس اکتوبر میں دونوں نے شادی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

دلہا اور دلہن کے رشتہ دار لائیو سٹیریمنگ کے ذریعے شریک ہوئے (فوٹو: روئٹرز)

نورجمان اور ودیا کی جانب سے 500 مہمانوں کے اعزاز میں 12 اپریل کو جکارتہ کی ایک یونیورسٹی کے ایونٹ ہال میں استقبالیہ تقریب منعقد کی جانا تھی جو اب غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے۔
24 سالہ دُلہن کا کہنا ہے کہ 'عام صورت حال میں ہم نے اپنی تقریب میں عزیز و اقارب اور دوستوں کو مدعو کیا تھا تاہم اب ہم ٹیکنالوجی پر بھروسہ کریں گے۔'
دلہن کی ایک کزن اولیا نیتا نورودیا اس شادی کے لیے خریدا گیا خصوصی جوڑا پہن کر اپنے گھر کے کمرے میں بیٹھ کر لائیو سٹریمنگ کے ذریعے اس تقریب میں شریک ہوئیں۔

دلہن کی کزن نے خصوصی جوڑا پہن کر شادی کی براہ راست تقریب دیکھی (فوٹو: روئٹرز)

انہوں نے اپنے ہاتھ میں ایک پلے کارڈ اٹھا رکھا تھا جس پر مبارک باد کے پیغام کے ساتھ 'سٹے ہوم' کا ہیش ٹیگ بھی تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ 'یہ ہمارے لیے بھی مایوس کن تھا، لیکن اللہ کا شکر ہے سب ٹھیک ہوگیا۔'

شیئر: